آن لائن ٹیکسی سروس، خواتین اور احتیاطی تدابیر

بہت دیر کی مہرباں آتے آتے۔۔۔

گزشتہ رات آفس سے گھر جانے کے لیے آن لائن ٹیکسی سروس کا انتظار کرتے ہوئے مجھے یہ خیال آیا کہ ہم آئے دن آن لائن ٹیکسی سروس سے جڑے خطرات کے حوالے سے بہت خبریں سنتے ہیں، ان پر بہت تبصرے بھی کرتے ہیں لیکن احتیاطی تدابیر کی طرف نہیں جاتے۔ حالانکہ کسی بھی سانحے کا انتظار کرنے سے بہتر ہے کہ وقت سے پہلے ہی اس کا علاج سوچ لیا جائے۔

بدقسمتی سے ہمارے معاشرے کا یہ المیہ ہے کہ ہم تنقید، تبصرے اور گفتگو کے شائق ہیں لیکن جونہی حل تلاش کرنے کا وقت آئے، ہم ذہنی جمود کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ہم گھنٹوں بیٹھ کر ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنے کے لیے تیار ہوتے ہیں لیکن ایک اچھا قدم لینے یا احتیاطی تدابیر اپنانے کا سوچتے بھی نہیں۔
خیر یہ ایک الگ بحث ہے جو بذات خود ایک بہت وسیع موضوع ہے۔ فی الوقت میرا مقصد لوگوں، خاص طور پر ان خواتین کو آگاہی دینا ہے جو روزمرہ کی بنیاد پر آن لائن ٹیکسی سروس کا استعمال کرتی ہیں۔

آن لائن ٹیکسی سروس استعمال کرتے ہوئے چند بنیادی امور کو ذہن میں رکھنا چاہیئے۔

کیپٹن (ڈرائیور) کے حوالے سے اہم جانکاری لازم ہے

رائڈ بک کراتے ہی آن لائن ٹیکسی سروس کی ایپ میں آپ اپنے کیپٹن کے حوالے سے اہم معلومات حاصل کر سکتے ہیں جس میں کیپٹن کا نام، اس کی تصویر، گاڑی کا نام اور اس کی نمبر پلیٹ شامل ہیں۔

ان تمام چیزوں کو اچھی طرح ذہن نشین کر لیں کیونکہ بہت بار خواتین غلط گاڑی میں بیٹھنے کی حماقت کر لیتی ہیں۔ بظاہر تو یہ ایک معمولی سی بات ہے لیکن بعض اوقات اس کی وجہ سے بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ جاتا ہے لہذا اس بات کا خیال رکھنا لازمی ہے کہ آپ صحیح گاڑی میں بیٹھیں۔

اپنے کیپٹن کی ریٹنگ ضرور چیک کریں

میں ہمیشہ اپنے کیپٹن کی ریٹنگ چیک کرنا بھول جاتی تھی، کام میں مصروفیت کے باعث جلدی میں اوبر بلا کر موبائل ایک طرف رکھ دیتی تھی اور ہوش تب آتا تھا جب گاڑی دفتر کے دروازے پر آ کھڑی ہوتی تھی، لیکن ایک معمولی سے حادثے نے میری آنکھیں کھولیں اور اب میں اچھی طرح تسلی کرنے کے بعد ہی گاڑی میں بیٹھتی ہوں۔

کیپٹنز کو سواریوں کی جانب سے پانچ اسٹارز میں سے ریٹنگ دی جاتی ہے، گاڑی میں بیٹھنے سے پہلے اپنے کیپٹن کی ریٹنگ ضرور چیک کریں، اس سے یہ اندازہ ہو جاتا ہے کہ کیا اس گاڑی میں بیٹھنا آپ کے لیے محفوظ ہے یا نہیں۔

اگر کیپٹن کی ریٹنگ اچھی نہیں ہے یا کسی بھی سواری کی جانب سے کسی قسم کی شکایت کی گئی ہے تو اس رائڈ کو کینسل کر کے نئی کرائیں، اپنے تحفظ کے حوالے سے کبھی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیئے۔

یہاں ایک اور بات کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے کہ ریٹنگ دیکھنے کے ساتھ ساتھ ریٹنگ دینے کے عمل کو بھی لازمی بنایا جائے۔ رائڈ ختم ہونے کے بعد ایپ میں موجود ریٹنگ فیچر کا استعمال کرتے ہوئے دوسروں کو اپنے تجربے سے ضرور آگاہ کریں۔

اپنے سفر کی تفصیلات گھر والوں / دوستوں سے لازمی شیئر کریں

ایک اہم چیز جو میں تقریبا ہمیشہ ہی بھول جاتی تھی وہ اپنی رائڈ کی تفصیلات گھر والوں سے شیئر کرنا تھی۔ میری امی روز مجھے فون کر کے کہتی تھیں کہ گاڑی میں بیٹھنے سے پہلے ان کے ساتھ ٹریکر ضرور شیئر کروں۔

یہ ایک انتہائی اہم چیز ہے جسے کرنے میں دو منٹ بھی نہیں لگتے لیکن اکثر ہم یہ معمولی سا کام بھی بھول جاتے ہیں۔ ٹریکر شیئر کرنے کا یہ فائدہ ہوتا ہے کہ آپ کی گاڑی جہاں جہاں جاتی ہے آپ کے پیارے اس سے آگاہ رہتے ہیں۔ یہ ایک ایسی احتیاطی تدبیر ہے جسے اپنانے سے بہت سے ممکنہ حادثات سے حفاظت ممکن ہے۔

اپنی ذاتی معلومات کی حفاظت کریں

اپنی ذاتی معلومات کبھی بھی کیپٹن سے شیئر مت کریں، کیپٹن کو کال یا میسج کرنے کے حوالے سے اوبر میں ایک ایسا فیچر ہے جو آپ کا ذاتی نمبر چھپا دیتا ہے، اس طرح کیپٹن اور سواری دونوں اپنے فون نمبرز پوشیدہ رکھتے ہوئے آپس میں بآسانی رابطہ کر سکتے ہیں۔

گاڑی کی کھڑکی کھلی رکھیں

سفر کے دوران میں ہمیشہ اپنی سائیڈ والی کھڑکی کھلی رکھتی ہوں، اس کا یہ فائدہ ہے کہ اگر کسی بھی قسم کی خطرناک صورتحال پیدا ہو تو انسان بآسانی چیخ و پکار کر کے اردگرد موجود لوگوں کو مدد کے لیے متوجہ کر سکتا ہے۔

اپنے ساتھ کوئی حفاظتی آلہ یا پیپر اسپرے (مرچ سے بنا اسپرے) ضرور رکھیں

آج کل کے دور کو دیکھا جائے تو محتاط ہونا کافی نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میں اضافی محتاط رہتی ہوں، میرے بیگ میں ہر وقت پیپر اسپرے موجود ہوتا ہے۔ باقی خواتین کے لیے بھی میرا یہی مشورہ ہے کہ اپنے بیگ میں پیپر اسپرے یا کوئی بھی دوسرا حفاظتی آلہ ضرور رکھیں۔

اپنی چھٹی حس پر ہمیشہ بھروسہ کریں

انسان کی چھٹی حس قدرت کی جانب سے ایک کمال تحفہ ہے، یہ اکثر مستتقبل قریب میں ہونے والے برے حادثات کی کسی حد تک آگاہی فراہم کر دیتی ہے۔ لہذا ہمیشہ اپنی چھٹی حس پر اعتماد کریں، جہاں ایسا لگے کہ کچھ گڑ بڑ ہے تو فورا محتاط ہو جائیں اور اوپر بتائی گئی باتوں پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔

ٹاپ اسٹوریز