جہاں نامہ: عالمی منظرنامے پر ایک نظر

جہاں نامہ: عالمی منظرنامے پر ایک نظر

آج کے جہاں نامے میں شامل ہو گا شاہ محمود قریشی اور مائک پومپیو کی ملاقات کا احوال، ترکی کے شہر استنبول سے لاپتہ ہونے والے سعودی صحافی کی کہانی، امریکی سپریم کورٹ میں جج بریٹ کیوانا کی تقرری، اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو کی بیوی سارہ کی کورٹ میں طلبی، انٹرپول کے سربراہ کی چین میں گمشدگی اور بازیابی اور مائک پومپیو اور کم جانگ ان کی ملاقات کی روداد۔

شاہ محمود قریشی اور مائک پومپیو کی ملاقات

اقوام متحدہ کے 73ویں اجلاس کے بعد امریکی اسٹیٹ سیکریٹری اور پاکستانی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات ہوئی، امریکی اسٹیٹ سیکر ٹری نے پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ تعلقات مستحکم کرنے کا عندیہ دیا، ساتھ ہی ساتھ افغانستان میں امن اور استحکام کے حصول میں پاکستان کی اہمیت کو تسلیم بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایک ایسے وقت پر جب افغانستان میں طالبان سے امن مذاکرات پر بات چیت جاری ہے، یہ ملاقات بڑی اہمیت کی حامل ہے۔

سعودی صحافی جمال خشوگی کی گمشدگی کا معمہ

ترکی کے شہر استنبول سے سعودی صحافی جمال خشوگی کی پر اسرار گمشدگی کی خبردنیا بھر کی اخبارات کی زینت بنی رہی۔ تفصیلات کے مطابق جمال 6 اور 7 اکتوبر کے درمیان سعودی کاؤنسلیٹ استنبول میں اپنی شادی کی رجسٹریشن کے لئے گئے، اس کے بعد سے اب تک لاپتا ہیں۔ سعودی کاؤنسلیٹ نے کہا ہے کہ ان کے سی سی ٹی وی کیمرے ریکارڈ نہیں کرتے ہیں، ان کے اس بیان نے معاملے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ ترک حکام کے مطابق جمال کو سعودی مشن کے اندر قتل کر دیا گیا ہے۔ ترک صدر طیب اردوان اس واقعے پر خسوصی نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔

امریکی سپریم کورٹ میں جسٹس کیونا کی تقرری

امریکی سینیٹ نے جسٹس کیوانا کی تقرری کی توثیق کردی ہے۔ کیوانا کے حق میں 50 اور مخالفت میں 48 ووٹ ڈالے گئے۔ کیوانا کی تقرری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک اور فتح مانا جا رہا ہے۔ کیوانا کو تقرری سے پہلے کئی مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے خلاف کئی خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا۔ کیوانا کی تقرری کے بعد سپریم کورٹ میں بائیں اور دائیں بازو کے ججز کی تعداد بالکل برابر ہوگئی ہے اور مستقبل میں ہونے والے فیصلوں پر اس بات کا گہرا اثر ہو سکتا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم کی بیگم کی کورٹ میں طلبی

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نتن یاہو کی اہلیہ سارہ کو عدالت میں طلب کیا گیا۔ ان کے اوپر ایک لاکھ ڈالر سے زیادہ کے کھانے کھانے کا الزام ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم نے کسی بھی قسم کی بدعنوانی سے انکا ر کیا ہے۔

انٹرپول کے سربراہ کی چین میں گمشدگی اور بازیابی

انٹرپول کےسربراہ مینگ ہونگ وی گزشتہ ایک ماہ سے لاپتہ تھے۔ ان کی اہلیہ کے مطابق وہ 25 ستمبر کو فرانس سے چین روانہ ہوئے تھے۔ اب چین سے ان کا استعفیٰ انٹر پول کو موصول ہو گیا ہے۔ چینی حکام نے بھی ان کی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔ ان کی گرفتاری کی وجہ بدعنوانی اور رشوت خوری بتائی گئی ہے۔

مائک پومپیو کی کم جونگ ان سے ملاقات

گزشتہ ہفتے امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں گزشتہ ملاقاتوں کی طرح گرم جوشی نہیں دکھائی دی۔ امریکی وزیرخارجہ کو ان کا پسندیدہ ترجمان بھی ساتھ نہیں لے جانے دیا گیا۔ اس کے علاوہ ان کے ساتھ صرف تین لوگوں کو ہی ملاقات کی اجازت دی۔

گزشتہ ہفتے کے چند اہم واقعات

برازیل کے انتخابات کے پہلے راؤنڈ میں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے جے بولسانارو کامیاب ہو گئے ہیں۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے بھارت کا دورہ کیا اور اس دورے کے دوران کئی معاہدوں پر دستخط ہوئے جن کے مطابق روس  بھارت کو پانچ ایس 400 میزائل سسٹم فراہم کرے گا۔

ٹاپ اسٹوریز