کشمیری روٹھ: ایک منفرد غذا

کشمیری کھانے دنیا بھر میں اپنے منفرد ذائقوں کی وجہ سے مشہور ہیں، انہی کھانوں میں ایک کشمیری روٹھ بھی ہے جس کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ کشمیری روٹھ کو کشمیری تہذیب و ثقافت اور روایتی کھانوں میں نمایاں اہمیت حاصل ہے جسے خصوصی نیاز کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

روٹھ کو بنانے کے لیے مختلف اجزاء کا استعمال ہوتا ہے جن میں دوقسم کا آٹا، شکر، گھی، سونف، بادام، کھوپرا، انڈہ اور خشخاش شامل ہیں جس کے ذائقے کا اندازہ اس کے اجزاء سے لگایا جا سکتا ہے۔

روٹھ کے خالص ہونے کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ایک کلو آٹے سے صرف دو روٹھ تیار ہوتی ہیں جن کی قیمت دو سو سے چار سو تک ہوتی ہے، ان کی قیمتوں میں فرق اس کے اندر پائی جانے والے اجزاء اور میوہ جات کی وجہ سے ہوتا ہے۔

کشمیری گھرانوں میں روٹھ خصوصی نیاز کے طور پر استعمال ہوتی ہے جس میں چینی کی جگہ خالص شکر استعمال ہوتی ہے اور اس کا ذائقہ اتنا لذیذ ہوتا ہے کہ ایک دفعہ یہ روٹھ کھانے والا شخص دوبارہ اس کی طلب کرتا ہے۔

روٹھ کو بنانے کا عمل مشکل اور طویل ہوتا ہے۔ مظفرآباد میں روٹھ صرف ایک ہی جگہ بنائی جاتی ہے۔ دکاندار کے مطابق اسے صرف خصوصی آرڈر پر ہی بنایا جاتا ہے۔ اسے بنانے کا عمل مشکل اور محنت طلب ہونے اور قیمت فروخت کم ہونے کی وجہ سے بہت کم لوگ ہی اس کو تیارکرتے ہیں۔

روٹھ کو پکانے کا عمل بھی کافی مشکل ہوتا ہے جسے تندور میں مخصوص درجہ حرارت پر 20 منٹ تک پکایا جاتا ہے، تیار ہوجانے کے بعد روٹھ کو دیکھ کر انسان بیقرار ہو جاتا ہے۔

ٹاپ اسٹوریز