عامر اور شعیب کے معاہدے میں تبدیلی کا امکان


لاہور:  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی قومی ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ سے متعلق اہم اجلاس کل ہو گا ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کھلاڑیوں کی سینٹرل کنٹریکٹ میں کیٹگریز پر غور کیا جائے گا جبکہ حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے کرکٹر محمد عامر اور ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے شعیب ملک کے کنٹریکٹ پر بھی نظرثانی ہو گی۔

دونوں کھلاڑی 2018-19 کے سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کھلاڑیوں کی تنخواہ اور میچ فیس میں اضافے پر بھی مشاوت ہو گی۔

سال 2018- 19 کے لیے 33 کھلاڑی اے، بی، سی، ڈی اور ای کیٹگری میں ماہانہ تنخواہ لیتے رہے ہیں۔

موجودہ سینٹرل کنٹڑیکٹ کے تحت اے کیٹیگری کے کھلاڑی کو 8 لاکھ سے زائد، بی کیٹیگری میں پانچ لاکھ روپے ماہانہ ملتے ہیں۔

سی کیٹیگری کے کھلاڑی ساڑھے 3 لاکھ، ڈی کیٹیگری 2 لاکھ اورای کے پلیئر ایک لاکھ وصول کرتے ہیں۔

یاد رہے عالمی کپ 2019 کے بعد شعیب ملک نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم وہ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کے لئے دستیاب ہوں گے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان کے فاسٹ باولر محمد عامر نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے کی غرض سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں