بدعنوانی کے خاتمے کیلئے چینی تجربات قابل تقلید ہیں، عمران خان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ ہمارے اکنامک زونز میں چینی ٹیکنالوجی منتقل ہو۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے چینی تجربات قابل تقلید ہیں، چین کے صدر شی جن پنگ نے 400 افراد کو بدعنوانی پر سزائیں دیں، چین کی قیادت سے ملاقات میں سیکھنے کا موقع ملے گا۔

ہم نیوز کے مطابق وہ چین کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر روانگی سے قبل چینی ذرائع ابلاغ سے بات چیت کررہے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے لیکن نہ صرف اس کا درست استعمال نہیں ہوا بلکہ خراب طرز حکمران سے ترقی بھی رک گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات بہت پرانے ہیں، ان کی تاریخ سے واقف ہوں اور جانتا ہوں کہ چین نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے عوام چین کو قابل اعتماد دوست سمجھتے ہیں۔

وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی سے نمٹنے کے لیے کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانے چاہتے ہیں۔

عمران خان نے اعتراف کیا کہ سی پیک سرمایہ کاری سے مشکل حالات سے نکلنے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ چین تیزی سے ترقی کرتی دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے۔

 

چینی ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کوبرآمدات میں اضافےکی ضرورت ہے لیکن ہم چین سے درآمدات زیادہ اور برآمدات کم کررہے ہیں۔

عمران خان نے پاکستان کے مسئلے کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ غربت کا خاتمہ دوسرا اہم مسئلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے 700 ملین افراد کوغربت سےنکالا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چین کے ساتھ بہت سے شعبوں میں تعاون چاہتے ہیں اور دورہ چین کے حوالے سے پرامید ہوں۔

بحیثیت وزیراعظم اپنے پہلے دورہ چین پر روانگی سے قبل چینی ذرائع ابلاغ سکے سینئرصحافیوں سے بات چیت میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے توقع ظاہر کی ہماری ٹیکسٹائل برآمدات بہتر ہوسکیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے منصوبے بھی سی پیک کا حصہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان آج پانچ روزہ دورے پرچین روانہ ہوں رہے ہیں جہاں وہ چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم کے ساتھ وفاقی وزرا اوراعلی سطحی وفد بھی ہو گا۔ ان کی وطن واپسی شیڈول کے مطابق پانچ نومبر کو ہوگی۔

وزیراعظم کے چین پہنچنے پر نائب چینی وزیرخارجہ اور پاکستانی سفیر ان کا استقبال کریں گے۔ شیڈول کے مطابق دو نومبر کو وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر سے ملاقات ہوگی۔


متعلقہ خبریں