موسم سرما کی بارشوں کا سلسلہ جاری

ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا

بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل


اسلام آباد: دارلحکومت میں موسم سرما کی پہلے بارش ہو رہی ہے۔ ملک بھرمیں موسم سرما کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشترعلاقوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔

آج بھی صوبے خیبرپختونخوا (کے پی) میں موسلادھار بارش سے موسم سرد ہوگیا ہے جبکہ کوہاٹ شہر اور گردونواح میں گرد آلود طوفان کے بعد بارش اور ژالہ باری جاری ہے۔ دوسری جانب شانگلہ کے ضلع میں طوفانی بارش نے علاقے میں تباہی مچا دی۔

اسی طرح ضلع  بونیر اور ہری پورکے گردونواح میں بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی میں اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ بارش کے ساتھ ساتھ ٹھنڈی ہواؤں نے بھی ان علاقوں کا رخ کرلیا ہے تاہم  برسات شروع ہوتے ہی شہر میں بجلی غائب ہوگئی۔

صوبہ  پنجاب کے علاقے سوہاوہ اور فیصل آباد سمیت دیگر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔

مظفرآباد اور گردو نواح میں بھی موسلادھار بارش جاری ہے۔ علاقے میں بارش سے درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح شورکوٹ اور گرد ونواح میں بوندابادی ہوئی جبکہ گوجرہ شہر اور اطراف میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

اٹک اور گردونواح میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری ہوئی۔ بارشوں سے سردی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

شانگلہ کے علاقے کروڑہ چکیسر مین روڈ پرمٹی کے تودے گرنے سے راستہ بند ہوگیا ہے اوربشام سوات شاہراہ بند ہوگئی ہے جبکہ اسی علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

حافظ آباد کے عاقے اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ بارش سے موسم میں تبدیلی اور سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

تحصیل اٹھارہ ہزاری کے گردونواح میں بارش کی وجہ سے موسم سرد ہو گیا۔ بارش سے چنے کی فصل کو بہت زیادہ فاٸدہ ہو گا۔ اسی وجہ سے تھل کے کسان بارش آنے سے بے حد خوش ہیں۔ بارش سے چنے کی فصل کو بہت زیادہ فاٸدہ ہو گا۔

لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بونداباندی ہو رہی ہے اور بارش سے سموک کے مہلک اثرات کم ہو جائیں گے۔

مرید، شکرگڑھ اور اوکاڑہ کے مختلف علاقوں میں بونداباندی سے  موسم خوشگوار ہو گیا۔


متعلقہ خبریں