مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آئے گی،شاندانہ گلزار


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ حکومت دانستہ کچھ نہیں کررہی جب ملک کا خزانہ خالی ہوگا تو چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جب خزانہ بھرے گا تو مصنوعات کی قیمتوں میں واپس کمی ہوجائے گی۔ حکومت آتے ہی کوئی معجزہ نہیں کرسکتی۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوزلائن” میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بگڑی ہوئی چیزیں درست کرنے میں وقت لگتا ہے جبکہ اس حکومت کےسو دن بھی پورے نہیں ہوئے لیکن تنقید ایسے کی جارہی ہے جیسے طویل عرصہ گزر چکا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ آخر اس تنقید کی وجہ کیا ہے۔

شاندانہ گلزار نے بتایا کہ اپوزیشن ہر چیز کو سیاسی رنگ دے رہی ہے اور یہ  ان کا حق ہے لیکن انہیں حقائق کو بھی مدنظر رکھنا چاہیئے۔

پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر دانیال عزیز نے کہا کہ تحریک انصاف اپنی بولی ہوئی  بات کے متضاد کام کرتی ہے اور یہی اس کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کی سب سے بڑی مثال ہمارے سامنے ہے کہ حکومت نے ایک جانب عوام کو گھر فراہم کرنے کی بات کی جبکہ دوسری طرف لوگوں کے گھر گرا دیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ رہنما ایک باپ کی مانند ہوتا ہے جوعوام کا محافظ ہوتا ہے جیسا کہ شہباز شریف ہیں لیکن تحریک انصاف نے آتے ہی غریبوں کے لیے اور مشکلات پیدا کردیں ناکہ ان کے مسائل حل کرتے۔

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کو ان کی  بار بار بولی ہوئی باتوں پر آئینہ دیکھاتے ہیں تاہم حزب اختلاف حکومت کے ساتھ بیٹھنے کو اس لیے تیار ہے کیونکہ اب اس کشتی میں بہت سے سوراخ ہوچکے ہیں اور اگر اپوزیشن نے ساتھ نہ دیا تو یہ ڈوب جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد حکومت گرانا نہیں اور نا ہی اس کی ضرورت ہے کیونکہ یہ لوگ خود ہی گر جائیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حیدر زمان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پٹرول کی قیمتوں کو نصف کرنے کی بات کی تھی اب وہ وعدے کہاں گئے؟

ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنا کوئی حل نہیں کیونکہ اس سے خزانہ نہیں بھرسکتا۔

انہوں نے بتایا کہ  قومی اسمبلی میں آصف علی زرداری کا خطاب ایک بہت اچھا قدم تھا کیونکہ پیپلز پارٹی اس بات کی خواہاں ہے کہ حکومت اب سنجیدہ ہو کر کام کرے۔


متعلقہ خبریں