گلگت بلتستان میں جشن آزادی کی تقریب


گلگت بلتستان: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ آج ہم جشن ازادی منارہے ہیں کیونکہ یہ وہ دن ہے جس دن بزرگوں نے ڈوگروں سے ہمیں آزادی دلائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا ہر فرد ملک و قوم کی محبت سے سرشار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہم جموں و کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔

وہ آزادیء گلگت بلتستان کے سلسلے میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب چنار باغ میں منعقد ہوئی جس میں گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال مقبول نے پرچم کشائی کرکے تقریب کا افتتاح کیا۔

گورنر، وزیراعلیٰ، فورس کمانڈر میجر جنرل احسان محمود خان اور آئی جی پی ثنا اللہ عباسی سمیت دیگر اعلیٰ عسکری و سول حکام نے مزار شہداء پہ حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

ہم نیوز کے مطابق گلگت بلتستان کا 71 واں یوم آزادی تمام اضلاع میں جوش و خروش سے منایا گیا۔ مرکزی تقریب میں گورنر گلگت بلتستان اور فورس کمانڈر ایف سی این اے سمیت سول وعسکری قیادت نے شرکت کی۔

یکم نومبر 1947 کو گلگت کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت انتہائی بے سروسامانی کے عالم میں قابض ڈوگرہ راج استبداد کو شکست فاش دے کر آزادی حاصل کی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق جشن آزادی کی مناسبت سے دوسری تقریب آرمی ہیلی پیڈ میں منعقد ہوئی جہاں پاک آرمی, پولیس , پاک رینجرز کے چاک و چوبند دستوں کے علاوہ آرمی پبلک سکول کے طلبہ نے مارچ پاسٹ کا عملی مظاہرہ کیا۔

تقریب کے دوران مختلف اسکولوں کے طلبہ نے گلگت بلتستان کی ثقافت کے رنگ بکھیر کر تقریب میں چار چاند لگا دیئے.

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال مقبول نے کہا کہ ہمیں جنگ ازادیء گلگت کے شہداء اور غازیوں پر فخر ہے کہ انہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ہمیں آزاد فضا میں سانس لینے کا موقع فراہم کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل احسان محمود خان نے کہا کہ آج  ہمارے اندرونی اور بیرونی دشمن سرگرم ہیں مگر وہ ہمارے سامنے کبھی ٹک نہیں سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مدد سے ملک عزیز کے ہر دشمن کو شکست فاش دیں گے اور اس ملک کو ناقابل تسخیر بنا کر رہیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق جنگ آزادی کی مناسبت سے گاڑیوں پر مشتمل آزادی جیپ ریلی بھی نکالی گئی جو چنار باغ سے شروع ہو کرہیلی پیڈ پہ اختتام پذیر ہوئی۔

جشن آزادی کی مناسبت سے مختلف اسکولوں وکالجوں کے طلبہ نے ٹیبلو پیش کیا اور جنگ آذادی کے شہدا وغازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملی نغمے بھی پیش کئے۔

 


متعلقہ خبریں