دوست ممالک سے اچھے پیکج ملیں گے، فرخ سلیم


اسلام آباد: حکومتی ترجمان برائے معیشت فرخ سلیم نے کہا ہے کہ چین کے علاوہ  دو اور دوست ممالک سے ہمیں توقعات کے مطابق اچھے پیکیجزملیں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں میزبان عادل شاہزیب سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی ترجمان برائے معیشت کا کہنا تھا کہ ملک میں درپیش معاشی خسارے کو دور کرنے کے لیے آئی ایم ایف اور دوسرے دوست ممالک کی باہمی مدد سے اچھا پیکج ملے گا۔

پاک چین تعلقات کی مناسبت سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین جو تجارتی خسارہ ہے وہ اب 13 ارب ڈالر سالانہ تک پہنچ چکا ہے۔ لہٰذا تجارتی مراسم کو بہتر کرنے کے لیے پاکستان اور چین کی حکومتوں کو درآمدات اور برآمدات سے منسلک پالیسیوں کو کچھ حد تک دہرانے کی بھی ضرورت ہے۔

حکومتی ترجمان برائے معیشت کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے پہلے مرحلے میں پاور پلانٹس سے منسلک منصوبوں پر بہت زیادہ کام کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پروگرام میں موجود وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ موجودہ صورتحال پر جلد قابو پا لیں گے۔ امید ہے مذاکرات کے بعد دھرنا آج رات ختم ہو جائے گا۔

فیاض الحسن نے کہا کہ ملک میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی قبول کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر مذہبی امور اور وفاقی حکومت نے معاملات کنٹرول کرنے کی کوشش کی ہے۔

پروگرام میں موجود بریگیڈیئر(ر) محمد سعد کا کہنا تھا کہ احتجاجی کرنے والوں کے ساتھ  مذاکرات کے لیے وفاقی سطح پر ایک ٹیم ہونی چاہیے جس میں وزیر قانون بھی شامل ہوں۔

رہنما پاکستان پیپلز پارٹی( پی پی پی) چوہدری منظور نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں اتنے قابل لوگ موجود نہیں جن پر پارٹی خود بھی اعتماد کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی چیئرمین بلاول بھٹو نے بھرے ایوان میں کہا کہ ان کی پارٹی ملکی مسائل حل کرنے کے لیے حکومتی جماعت کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہےکیونکہ یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ پی ٹی آئی قیادت میں ملکی معاملات  سنبھالنے کی قابلیت نہیں۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی میں بہت سے اچھے سیاست دان ہیں جنہوں نے ہمیشہ ایوانوں میں بھی اپنا موقف رکھنے سے پہلے مشاورت سے کام لینے کو ہی بہتر سمجھا ہے۔


متعلقہ خبریں