پاکستان نے کیویز کو 6 وکٹوں سے ہرا کر ایک اور سیریز جیت لی


اسلام آباد:  دوسرے ٹی ٹوینٹی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی ہے۔ گرین شرٹس نے لگاتار 11ویں ٹی20 سیریزا پنے نام کی ہے۔

قومی ٹیم نے 154 رنز کا ہدف آخری اوور میں  چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستان نے جارحانہ انداز میں ہدف کا تعاقب شروع کیا۔ گرین شرٹس کی پہلی وکٹ 40 کے مجموعی اسکور پر گری، کین ولیمسن نے ایک شاندار کیچ لے کر فخر زمان کی اننگ کا خاتمہ کیا، زمان نے 24 رنز بنائے۔

فخر کے آؤٹ ہوتے ہی رن بنانے کی رفتار سست پڑ گئی، بابر اعظم جو 40 رنز کے ساتھ وکٹ پر سیٹ تھے، بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے، پاکستان کا اسکور تیرہویں اوور میں 96 رنز تھا۔

آصف علی جو 34 گیندوں پر 38 رنز بناچکے تھے، کولن منرو کو چھکا لگانے کے بعد اگلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

ان کی وکٹ کے بعد محمد حفیظ اور شعیب ملک نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے میچ پاکستان کے حق میں موڑ دیا۔

آخری اوور میں صرف 7 درکار تھے، ملک بڑا شاٹ لگاتے ہوئے اوور کی دوسری گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، پاکستان کو اب بھی 6 رنز درکار تھے اورچار گیندیں باقی تھیں۔ حفیظ اسٹرائک پر موجود تھے، انہوں نے اگلی ہی گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو 6 وکٹ سے فتح دلا دی۔

وہ صرف 21 گیندوں پر 34 رنز بنا کر پاکستان کے لیے تیسرے ٹاپ اسکورر رہے۔

پہلی اننگز

اس سے قبل کیویز کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر دبئی کی فلیٹ وکٹ پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز نے اس فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے پہلے پانچ اوورز میں ہی اسکور 47 رنز تک پہنچا دیا۔

چھٹے اوور میں نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ گلین فلپس کی صورت میں گری، وہ پانچ رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

کولن منرو جو ایک بار پھر پاکستانی بالرز کے لیے درد سر بنے ہوئے تھے،مجموعی اسکورمیں مزید 6 رنز کے بعد محمد حفیظ کی گیند پر اسٹمپ ہوگئے، اس وکٹ کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم گیم میں واپس آ چکی تھی۔

اگلی وکٹ دسویں اوور میں گری جب گرینڈ ہوم 4 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔

گزشتہ میچ میں کیویز کی آخری امید راس ٹیلربھی اس بار جلد ہی آؤٹ ہوگئے، وہ مجموعے میں صرف 3 رنز کا ہی اضافے کر سکے۔

اس دوران کپتان ولیمسن جو اب تک ایک اینڈ سے وکٹ بچائے رکھے تھے، 37 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کورے اینڈرسن نے کریز پر آ کر کچھ بڑے شاٹس لگائے اور کیویز کے رن بنانے کی رفتار کوبڑھایا۔ آخری لمحات میں ان کی جارحانہ بلے بازی نے نیوزی لینڈ کا اسکور مقررہ اوورز کے اختتام پر 153/7 تک پہنچا دیا۔


متعلقہ خبریں