وزیراعظم کا دورہ چین: دونوں ممالک کا مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق


بیجنگ/اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی جس کے بعد دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان زراعت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

عمران خان آج کل چین کے دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ سے علیحدہ اور وفود کی سطح پر بھی مذاکرات کیے ہیں۔ اسی دوران وزیراعظم پاکستان نے چینی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے جو انہوں نے قبول کرلی ہے۔

چین مین اپنے قیام کے موقع پر وزیراعظم نے چینی صدر کو کہا کہ آپ کا وژن اور قیادت رول ماڈل ہے۔ غربت اور کرپشن جیسے مسائل سے جس طرح چین نے نمٹا یہ اپنی مثال آپ ہے۔

پاکستان کو چین سے پانچ ارب ڈالرز سے زائد کا پیکج ملنے کا امکان ہے، ذرائع نے بتایا ہے کہ سی پیک کے لیے بھی اضافی پیکج مل سکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے پہلے روز چینی صدر اور دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔ عمران خان نے چینی صدرکو پاکستان کو دورہ کرنے کی دعوت دی جسے چینی صدر نے قبول کر لیا۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین نے جس طرح  کرپشن اور غربت کا مقابلہ کیا وہ بے مثال ہے،  پاکستان غربت اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے چین سے سیکھنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی شراکت داری خطے کے لیے اہم ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ مل رہا ہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور خطے میں امن و امان کی صورتحال کے لیے ایک دوسرے کے تعاون پر زور دیا گیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، چین میں پاکستانی سفیر مسعود خالد اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔ ملاقات بیجنگ کے گریٹ ہال آف پیپلز میں ہوئی۔ جس میں دو طرفہ تعاون بڑھانے اور خطے میں باہمی شراکت داری میں اضافے پر بات کی گئی۔

چین کی طرف سے صدر شی چن پنگ اور پاکستان کی طرف سے عمران خان وفود کی صدارت کر رہے ہیں۔ ملاقات میں اہم معاہدوں کا بھی امکان ہے۔

وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم کا چین کا پہلا دورہ ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال  سمیت اعلیٰ سطحی وفد وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان ایشیا ترقیاتی بینک کے صدر جی لی کن اور چین کے عالمی امور کے وزیر سونگ تاؤ سے بھی ملاقاتیں کریں گے

شیڈول کے مطابق وزیر اعظم عمران خان تین نومبر کو بیجنگ میں پیپلز ہیرو مونومنٹ کا دورہ کریں گے، اسی روز عمران خان چیئرمین این پی سے ملاقات کریں گے۔

تین نومبر کو ہی وزیراعظم سرکاری استقبالیہ تقریب میں شرکت کریں گے اور معاہدے اور یاداشتوں پر دستخط بھی کریں گے۔

چارنومبر کو عمران خان چین میں ایک اسکول میں خطاب کریں گے۔ اسی دن وزیراعظم بیجنگ سے شنگھائی روانہ ہوں گے۔ عمران خان پانچ نومبر پاک چین انٹرنیشنل ایکسپو میں شرکت کرنے کے بعد پاکستان واپسی کے لیے روانہ ہوں گے۔

 


متعلقہ خبریں