پاک بحریہ کی بحیرہ عرب میں فوجی مشق

پاک بحریہ کی بحیرہ عرب میں فوجی مشق|humnews.pk

کراچی: پاک بحریہ کی مشق سی اسپارک 2018 کے دوران شمالی بحیرہ عرب میں بحری جہاز شکن سے میزائلز داغے جانے کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق جہازوں سے داغے گئے میزائلوں نے درستگی کے ساتھ اپنے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔

اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے پی این ایس معاون سے فائرنگ کے اس مظاہرے کو براہ راست دیکھا۔

پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان بشمول مسلح افواج کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب کے مہمان خصوصی جنرل زبیر محمود حیات نے پاک بحریہ کی یونٹس کے فلیٹ ریویو اور نیول ایئر آرم کے فلائی پاسٹ کے مظاہرہ کو بھی دیکھا-

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریاں اطمینان بخش ہیں اوریہ خطے کی ایک جدید و با صلاحیت فورس بن چکی ہے۔

دوسری جانب سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ لا ئیو ویپن فائرنگ کا یہ کامیاب مظاہرہ پاک بحریہ کی قابل اعتماد اور بھر پور فائر پاور صلاحیت کا عکاس ہے۔

ان کے مطابق چار جہتی پاک بحریہ کسی بھی بحری جارحیت کا جواب دینے کے لئے مکمل تیار ہے۔

نیول چیف کا کہنا تھا کہ کامیاب میزائل فائرنگ دفاع پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔

سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مابین مشترکہ آپریشنز کرنے کی مربوط صلاحیتیوں کو سراہا ۔


متعلقہ خبریں