ملتان میں اسموگ الرٹ جاری، فوری اقدامات کی ہدایت


ملتان: کمشنر ملتان عمران سکندر بلوچ نے ڈویژن میں اسموگ الرٹ جاری کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس بات کا فیصلہ ائیرکوالٹی انڈیکس 90 سے تجاوز کرنے  کے بعد کیا گیا جبکہ متعلقہ اداروں کو جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت بھی دی گئیں ہیں۔

کمشنرملتان نے اسموگ کے تدارک کے لیے  چار نومبر سے تمام بھٹے بند کرنے کے احکامات دئیے ہیں جبکہ ایسا نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کمشنرنے تمام اضلاع میں ضلعی و تحصیل کی سطح پر ٹاسک فورسز تشکیل دینے کا بھی حکم دیا ہے جس میں محکمہ ماحولیات، لیبر اور پولیس کے افسران شامل ہوں گے۔

اس کے علاوہ محکمہ زراعت اور ریونیو افسران پر مشتمل کمیٹیاں فصلوں کو جلانے والوں کے خلاف کارروائی کریں گی۔

کمشنرملتان نے ہدایت کی ہے کہ ریونیو افسران نمبردار اور مسجد کے خطیب سے مل کر انسداد اسموگ مہم کے بارے میں آگاہی اعلانات کرائیں۔

عمران سکندر بلوچ کی جانب سے محکمہ تعلیم کو بھی طلبا کو انسداد اسموگ مہم کے بارے میں آگاہی دینےکے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں