مولانا سمیع الحق کی نماز جنازہ ادا کردی گئی



اسلام آباد: جمیعت علمائے اسلام(س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔

مولانا کی نماز جنازہ خوشحال ڈگری کالج اکوڑہ خٹک میں ادا کی گئی اور انہیں دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ میں اپنے والد کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما راجہ ظفر الحق، حافظ سعید، امیرجماعت اسلامی سراج الحق، غلام بلور، امیر مقام، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور گورنر شاہ فرمان سمیت دیگر سیاسی اور مذہبی شخصیات نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

مولانا سمیع الحق کی نمازجنازہ ان کے بھائی  مولانا انورالحق نے پڑھائی۔

مولانا سمیع الحق کے بیٹے اسامہ حقانی عمرے کی ادائیگی  کے بعد  واپس وطن پہنچ گئے تھے۔ اسامہ حقانی اپنی والدہ کے ہمراہ سعودی عرب گئے تھے اور انہیں واقعہ کی خبر مدینہ منورہ میں ملی۔

مردان سے مدارس اور مذیبی جماعتوں کے کارکنان کی بڑی تعداد نے بھی مولانا سمیع الحق کے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

جناز گاہ اور دارلعلوم حقانیہ  پرسکیورٹی  کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس کے ساتھ مدرسہ کے طلباء نے بھی سیکیورٹی فرائض سرانجام دیے۔

جمعیت علمائے اسلام (س) کے امیر مولانا سمیع الحق کو گزشتہ روز راولپنڈی میں قتل کردیا گیا تھا۔ صدر پاکستان اور وزیراعظم سمیت دیگر اہم سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے قتل کی مذمت کی تھی۔

قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے اپنی ابتدائی تفتیش میں کہا ہے کہ حملہ آور پہلے بھی مولانا سے ملنے آتے رہے ہیں۔ قاتل جاننے والے لگتے ہیں جس کے باعث ان کا ملازم اور گن مین پر سکون ہو کر باہر نکل گئے تھے اسی لیے مولانا حملے کے وقت گھر میں اکیلے تھے۔


متعلقہ خبریں