وزیر اعظم کا دورہ: چین اور پاکستان کے درمیان 15معاہدوں پر دستخط



بیجنگ: پاکستان اور چین نے وزیر اعظم عمران خان کے دورے کے دوران 15 اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کر دیے۔

معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور انکے  چینی ہم منصب لی کی چیانگ  بھی موجود تھے۔ دونوں ممالک نے پاک چین وزرائے خارجہ سطح کے تزویراتی مذاکرات کےلیے دستاویز پردستخط کر دیے۔

تقریب میں دوطرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اورمفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

چین کی اکیڈمی آف سائنسزاور پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ میں معاہدہ ہوا۔ہائیرایجوکیشن کمیشن پاکستان اور چین کی سائنس اکیڈمی کے درمیان بھی معاہدہ پر دستخط ہوئے۔

اسلام آباد پولیس اوربیجنگ پولیس کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔ دونوں ممالک کے درمیان پاکستان سے غربت کےخاتمے کےلیےمفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔

دونوں ممالک نے زراعت اور اقتصادی وتکنیکی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس سے پہلے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ چین کے ساتھ تعلقات بہت اہم ہیں اور پاکستان دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے پر عزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی امور کے سربراہ سے ملاقات کے دوران کیا تھا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام میں دوستانہ تعلقات مضبوط شراکت داری کے باعث ہیں اور پاکستان دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے پر عزم ہے۔

عمران خان کے مطابق دونوں ممالک کے نمائندگان کی حیثیت سے پاکستان اور چین کی حکمران جماعتوں کے مابین تعلقات بھی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان چینی کمیونسٹ پارٹی کے دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطہ مہم کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ اس میں سیاسی جماعتوں، تعلیمی اداروں، میڈیا، نوجوان، خواتین اور تحقیقی اداروں کے مابین تعلقات شامل ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے چینی نائب صدر سے بھی ملاقات کی ہے۔


متعلقہ خبریں