کھیلوں کی بہتری کے لیے بنائی گئی ٹاسک فورس متحرک ہو گئی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کھیلوں کی بہتری کے لیے تشکیل کردہ ٹاسک فورس نے نئی سپورٹس پالیسی کی تیاری شروع کر دی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ٹاسک فورس نے تمام سپورٹس فیڈریشنز کو سالانہ ملنے والی گرانٹس کا جائزہ لینے کا عمل شروع کر دیا ہے، پاکستان اسپورٹس بورڈ نے فیڈریشنز کی تمام تفصیلات ٹاسک فورس کو فراہم کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹاسک فورس تمام فیڈریشنز کی انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں کارکردگی کا جائزہ بھی لے گی، ٹاسک فورس فیڈریشنز کو ملنے والے فنڈز اور ان کے استعمال کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لے گی۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی اپنی حتمی سفارشارت وزیراعظم کو پیش کریں گے۔

واضح رہے وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں کھیلوں کی بہتری اور فروغ، کھیل کے میدانوں میں سہولیات کی فراہمی اور نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دی تھی اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کو اس کا سربراہ مقرر کیا تھا۔

عمران خان نے ٹاسک فورس کو کھیل کی تنظیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور کھیلوں میں انتظامی اصلاحات کے بارے میں شفارشات وزیر اعظم کو پیش کرنے کی ہدایات کی تھیں۔ عمران خان نے کھیلوں کے تمام ادھورے منصوبے جلد مکمل کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں