آزاد کشمیر: 49 کے ایوان میں 26 وزیروں پر مشتمل کابینہ


مظفرآباد: آزاد کشمیر کابینہ میں چھ نئے وزراء شامل کرلیے گئے ہیں جس کے بعد آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 49 کے ایوان میں وزراء کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر مظفرآباد میں منعقد ہوئی جس میں صدر آزاد کشمیر، وزیراعظم، وزراء اور سربراہان محکمہ جات سمیت عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

سیکرٹری سروسز آزاد کشمیر لیاقت حسین نے نو تعینات وزراء کا نوٹیفیکشن پڑھ کر سنایا جبکہ صدر آزاد کشمیر نے نئے وزرا سے حلف لیا۔

حلف اٹھانے والوں میں سردار فاروق احمد طاہر، ڈاکٹر مصطفی بشیر، چودھری شہزاد، چودھری اسماعیل، احمد رضاقادری اور راجہ محمد صدیق شامل ہیں۔

آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں براہ راست انتخاب کی 41 جبکہ آٹھ مخصوص نشستیں شامل ہیں، حکمران جماعت مسلم لیگ (ن)  کے 31 ممبران اسمبلی براہ راست منتخب ہوکر آئے جن میں سے اب 26 وزراء حکومت میں ہیں۔

تین نشستیں پہلے سے وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے پاس ہیں، اس طرح آزاد کشمیر کابینہ میں تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی کابینہ تشکیل دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں