سعودی عرب کی اسکرین پر پرواز ہے جنون کا پریمیئر



اسلام آباد: ’ہم نیٹ ورک‘ اور ’مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز‘ کی فلم ’پرواز ہے جنون‘  کا پریمیئر آج  سعودی عرب کی اسکرین پر ہوا۔

دنیا بھر میں دھوم مچانے والی اس فلم کا  پریمیئر آج رات سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد کیا گیا جبکہ  وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں بتا چکے ہیں کہ یہ پاکستان کی پہلی کمرشل فلم ہے جس کا پریمیئرسعودی عرب میں پیش کیا جارہا ہے۔

اس تقریب میں سعودی وزیر برائے قومی ثقافت، سعودی وزیر برائے قومی ورثہ، ممبر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی اہلیہ بھی شریک ہوئے۔

واضح رہے چند روز قبل وفاقی وزیراطلاعات و نشریات  نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا تھا کہ فلم ’پرواز ہے جنون‘ پاکستان کی پہلی کمرشل فلم ہے جو جلد سعودی عرب میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

وزیر اطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’پرواز ہے جنون‘ کے بعد باقی پاکستانی فلموں کو بھی سعودی عرب میں نمائش کا موقع دیا جائے گا۔

مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی اردو فیچر فلم ’پرواز ہے جنون‘ ریلیز ہوتے ہی پاکستان کے تمام سینما گھروں میں چھا گئی تھی۔ عوام نے نہ صرف فلم کے موضوع کو سراہا بلکہ  فلم میں پراثراداکاری کے جوہر دکھانے والے تمام فنکاروں کی تعریف بھی کی۔

فلم کی مرکزی کاسٹ میں حمزہ علی عباسی،  ہانیہ عامر اوراحد رضا میر شامل ہیں جنھوں نے اپنی بہترین اداکاری سے مداحوں کے دل جیت لیے۔ اس کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں موجود دوسرے تمام اداکار بھی اپنے کرداروں کے ساتھ مکمل انصاف کرتے دکھائی دیئے اور شائقین سے بھی خوب داد وصول کی۔

فلم کو اسلام آباد اور کشمیر کے ایسے خوبصورت مقامات پر فلمایا گیا ہے جو دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں، مداحوں نے فلم کی تعریف میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔  کوئی فلم کی موسیقی سے لگاؤ رکھتا ہے تو کچھ لوگوں کو پاک فضائیہ کی جدوجہد کے مناظر نے متاثر کیا ہے۔

’پرواز ہے جنون‘ کا اعزاز یہ ہے کہ اس فلم نے پاک فضائیہ کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے جبکہ اس فلم  نے دفاع وطن کے موضوع پر اب تک بنائی گئی تمام فلموں میں سے منفرد فلم کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔

اس کی ایک  اور خاص بات یہ ہے کہ اب تک یہ فلمز ہرعمر کے افراد میں یکساں مقبول رہی ہے جبکہ اب مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کا یہ شاہکار عرب دنیا کو اپنے سحر میں لینے کو تیار ہے۔


متعلقہ خبریں