پاکستان نے نیوزی لینڈ کو “گرین واش” کر دیا


دبئی: پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیریز 3-0 سے اپنے نام کرلی ہے۔

پاکستان کے167 رنز کے ہدف کا تعقب کرتے ہوئے  نیوزی لینڈ ٹیم 119 رنز بنا کر آل آوٹ ہوگئی۔

گذشتہ دو میچز کے بر عکس آج کیویز کی اننگز کی ابتدا مایوس کن رہی، کولن منرو جو پچھلے دونوں میچز میں نیوزی لینڈ کے ٹاپ اسکورر تھے، دوسرے ہی اوور میں 2 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

گرانڈ ہوم، جنہیں آج اوپری نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا تھا، صرف  رنز بنا کر رن آوٹ ہوگئے۔

کپتان کین ولیمسن نے گلین فلپ کے ساتھ ملک کر تیسری وکٹ کے لیے 83 رنز کی پارٹنر شپ لگائی اور کیویز کو گیم میں واپس لے آئے۔

ولیمسن 60 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو کیویز کا اسکور 13ویں اوور میں   تین وکٹوں پر 96 رنز تھا، ان کے جاتے ہی وکٹوں کی لائن لگ گئی اور مجموعے میں صرف 13 رنز کے اضافے کے بعد پوری ٹیم 119 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔

ولیمسن کے 60 اور گلین فلپس 26 رنز کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور نہیں کرسکا۔

پاکستان کی طرف سے شاداب خان نے 30 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ان کے علاوہ ڈیبیو کرنے والے وقاص مقصود نے دو، دو جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل اتوار کی رات دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو قومی اوپنرز نے اس بار محتاط انداز میں اننگ کا آغاز کیا۔

کیوی بالرز اس بار کافی تیاری سے آئے تھے اور نپی تلی بالنگ کر رہے تھے۔ فخر زمان  جو کہ تیز بالرز کے سامنے مشکل میں نظر آرہے تھے، پانچویں اوور میں 11 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔

محمد حفیظ نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے شاندار 94 رنز کی شراکت داری قائم کرکے پاکستان کو مشکل سے نکالا۔

یہ پارٹنرشپ اس وقت ٹوٹی جب بابر اعظم ٹی ٹوینٹی نصف سنچری بنانے کے بعد گرانڈہوم کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے، انہوں نے79 رنز اسکور کیے۔

اس اننگ کی خاص بات یہ تھی کہ بابر اعظم نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں تیز ترین 1000 رنز بنانے کا ریکارڈ توڑا۔

ویرات کوہلی نے یہ کارنامہ اپنے کریئر کے 27ویں میچ میں انجام دیا تھا جبکہ بابر اعظم نے ایک میچ پہلے ہی یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

بابر کے آوٹ ہونے کے بعد شعیب ملک نے حفیظ کے ساتھ مل کر صرف 13 گیندوں پر 31 رنز کی شراکت داری سے ٹیم کا اسکور 19ویں اوور میں 154 تک پہنچا دیا۔ وہ 9 گیندوں پر 19 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہوئے۔

حفیظ کی ناقابل شکست 53 رنز کی اننگ پاکستان کا مجموعی اسکور تین وکٹوں پر 166 تک پہنچانے میں نہایت اہم ثابت ہوئی۔


متعلقہ خبریں