جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم انتقال کر گئے


اسلام آباد: آزاد جموں اینڈ کشمیر پیپلزپارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم برین ہیمرج کے باعث آج صبح  ایک پرائیوٹ اسپتال میں انتقال کر گئے۔

سربراہ جے کے پی پی و ممبر آزاد جموں اینڈ کشمیر اسمبلی سردار خالد ابراہیم خان کو گزشتہ شب برین ہیمبرج ہوا تھا جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسلام آباد کے ایک پرائیوٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ تاہم وہ جانبر نہیں ہو سکے اور دوران علاج آج صبح چل بسے۔

سردار خالد ابراہیم کی نماز جنازہ 5 نومبر کو راولاکوٹ آزاد جموں اینڈ کشمیر میں ادا کی جائے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا اظہار تعزیت

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سردار خالد ابراہیم کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اپنے تعزیتی پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے  سردار خالد ابراہیم کی کشمیر کے لیے جدوجہد کو سراہا اور ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔

بلاول بھٹو نے غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت بھی کیا۔

سردار خالد ابراہیم

سردار خالد ابراہیم آزادکشمیر کے بانی صدر سردارابراہیم خان کے بیٹے تھے۔ ان کا شمار آزاد کشمیر کے سنئیر سیاستدانوں میں ہوتا تھا۔ سردار خالد ابراہیم ایل اے 19 راولاکوٹ سے ممبر اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

سردار خالد ابراہیم کے خلاف توہین عدالت کا کیس سپریم کورٹ آزادکشمیر میں زیر سماعت تھا ۔ عدالت نے سردار خالد ابراہیم کو 8 نومبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

سردار خالد ابراہیم کا جسد خاکی آج  اسلام آباد سے راولاکوٹ لایاجائے گا۔ سردارخالد ابراہیم کی نمازجنازہ کل  دن دو بجے صابر شہید سٹیڈیم راولاکوٹ میں ادا کی جائے گی۔نماز جنازہ کے بعد تدفین آبائی گائوں کوٹ متے خان راولاکوٹ میں ہوگی۔

سردارخالد ابراہیم 5 نومبر1947ءکو راولاکوٹ میں پید ا ہوئے۔

سردار خالد ابراہیم پانچ مرتبہ آزاد کشمیر اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے۔ انہوں نے میرٹ اوراصولوں کی سیاست پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔


متعلقہ خبریں