فخر عالم کا مشن پرواز مکمل



فلوریڈا: پاکستانی فنکار فخر عالم دنیا کا سفر مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ فخر عالم نے مشن پرواز کا آغاز دس اکتوبر کو امریکی شہر فلوریڈا سے کیا تھا۔

فخر عالم نے اپنے فضائی سفر کا آغاز دس اکتوبر کو صبح سات بجے فلوریڈا سے کیا تھا جو 28 دن پر مشتمل اپنے سفر کے دوران مختلف ممالک کے 22 سے زائد ائرپورٹس سے ہوتا ہوا واپس فلوریڈا پہنچ گیا۔

فخر عالم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے سفر کے مکمل ہونے کا اعلان کیا۔ فخر عالم نے کہا کہ پاکستان آپ سب کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ مشن پرواز کا مشن مکمل ہو گیا ہے۔ فخر عالم نے اپنا فضائی سفر مکمل ہونے کے بعد پاکستان زندہ باد کا نعرا بھی لگایا اور پوری قوم  کو مبارکباد دی۔

فخر عالم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں نے فلوریڈا سے اپنے مشن پرواز کا آغاز کیا تھا اور اب دوبارہ میں فلوریڈا پہنچ چکا ہوں۔

فخر عالم اپنے مشن پروز کے دوران مختلف ممالک کے ائرپورٹس سے ٹوئٹر پر ویڈیو پیغامات بھی بھیجتے رہے اور اپنی قوم کو اپنے سفر سے نہ صرف آگاہ کرتے رہے بلکہ پیغامات بھی دیتے رہے۔

پاکستانی فنکار فخر عالم کو اپنے مشن پرواز کے دوران روس کے یوزنوسخالینسک ائرپورٹ پر ویزہ کے میعاد ختم ہونے کے باعث حراست میں لے لیا گیا تھا۔ فخر عالم جاپان سے روس پہنچے تھے اور انہیں واپس جاپان جانے پر مجبور کیا جا رہا تھا تاہم پاکستانی وزارت داخلہ کی کوششوں سے فخر عالم کو نیا ویزہ جاری کیا گیا جس کے بعد انہوں نے اپنا سفر جاری رکھا۔


متعلقہ خبریں