فواد چوہدری کے بیان پر پیپلز پارٹی رہنما برہم ہو گئے

فائل فوٹو


کراچی: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے سندھ حکومت کے خاتمے سے متعلق بیان پر صوبائی حکومت نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، سندھ حکومت کے ترجمان وہاب مرتضیٰ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر کی جانب سے سندھ حکومت کے خاتمے کی جانب اشارہ افسوس ناک ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر سخت رد عمل دیتے  ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان فواد چوہدری کے بیان کی وضاحت کریں۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری سندھ حکومت کے دن نہ گنیں بلکہ وفاق میں اپنی کارکردگی کی فکر کریں۔ وفاقی وزیر ایسے سنسنی خیز بیانات دے کر عوام کی توجہ وفاقی حکومت کی نااہلی سے ہٹانا چاہتے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت کا مزید کہنا تھا کہ فواد چوہدری نے سندھ حکومت کے خاتمے کی بات کرکے وفاق کے عزائم ظاہر کر دیے ہیں۔

پیپلز پارٹی رہنما سعید غنی کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری فساد چوہدری نہ بنیں اور کان کھول کر سن لیں، صوبے خودمختار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق تین دن تک یرغمال رہا اس وقت فواد چوہدری کہاں تھے، عمران خان نیازی نے عدلیہ اور فوج کو گالیاں دینے والوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کا مینڈیٹ چوری کر کے نیازی کی گود میں ڈال دیا گیا۔ سعید غنی نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی ملتوی کیے جانے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ قومی اسیمبلی کا کورم ٹوٹنا نیازی حکومت کے لیے باعث شرم ہے۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آج کہا تھا کہ دیکھتے ہیں صوبے میں پیپلز پارٹی کی حکومت کتنے دن چلتی ہے۔

انہوں نے یہ بیان پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کہی تھی، اس سے پہلے فواد چوہدری نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گورنر ہاؤس  میں ملاقات کی۔


متعلقہ خبریں