وفاق بلدیاتی نظام پر صوبوں کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا، سعید غنی


کراچی: سندھ کے وزیربلدیات سعید غنی نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے سندھ میں حکومت کسی سے مانگ کر نہیں بنائی، ہم وفاقی حکومت کی طرح کسی کے سہارے کے محتاج نہیں ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام بنانا صوبائی حکومت کی صوابدید ہے اور وفاق صوبوں کو بلدیاتی نظام کے معاملے پر حکم نہیں دے سکتا۔

سعید غنی نے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری نے بلدیاتی مسائل کا حل نکالنے کی ہدایت کی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے منتخب نمائندوں کو اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے شہر میں غیرقانونی تعمیرات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ عوام ایسی تعمیرات کی نشان دہی کریں ہم کارروائی کریں گے۔

سعید غنی نے یقین دلایا کہ غیرقانونی تعمیرات میں ایس بی سی اے کے افسران ملوث ہوئے تو ان کے خلاف بھی ایکشن ہو گا، جہاں پاکستان پیپلزپارٹی نہیں جیتی وہاں بھی کام ہو گا اور ماضی کے مقابلے میں زیادہ کام ہو گا۔

سندھ کے وزیرِ بلدیات کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مل کر کراچی کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے) اور دیگر اداروں کے بورڈز میں تبدیلی زیرِغور ہے کیونکہ اداروں کے بورڈز میں ماہرین کا شامل ہونا ضروری ہے۔

پاکستان کوارٹرز کے معاملے پر سعید غنی نے کہا کہ یہ صوبائی حکومت کا مسئلہ نہیں ہے، وفاق کو چاہیے کہ وہاں کے مکینوں کا مسئلہ حل کرے۔
اس موقع پر سعید غنی نے تجاوزات کے خلاف میئر کراچی کے اقدامات کو بھی سراہا۔


متعلقہ خبریں