حکومت سندھ کو ہٹایا تو وفاق بھی نہیں رہے گا، مولابخش


کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 18 ویں آئینی ترمیم اور وفاق کی محافظ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت سندھ کے خاتمے کے خواب دیکھنا بند کردے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران  وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے اور سندھ میں کسی بھی مہم جوئی سے باز رہے۔

سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے دعویٰ کیا کہ حکومت سندھ کو غیرآئینی طریقے سے ہٹایا گیا تو وفاقی حکومت بھی قائم نہیں رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت سندھ کے خاتمے کے خواب دیکھنا بند کردے ورنہ پی ٹی آئی کا وہی حال ہوگا جو ان سے پہلے والی جماعت کا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم 18 ویں آئینی ترمیم اور وفاق دونوں کی حفاظت کریں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے بیان پر انتہائی سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سندھ  کے وزیر بلدیات سعید غنی نے بھی کہا ہے کہ فواد چوہدری کان کھول کر سن لیں! صوبے خود مختار ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ وفاق تین دن یرغمال رہا تو اس وقت فواد چودھری کہاں تھے؟

اسی حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت اپنی ناکامی کا ملبہ پیپلزپارٹی پر ڈالنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھر میں دوماہ کے اندر غذائی قلت کا بحران آیا جبکہ پی ٹی آئی نےتھرکوسہولتیں دینے پر بڑی بڑی باتیں کی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق سندھ حکومت سے تعاون کرکے ترقیاتی منصوبے مکمل کرسکتا ہے، اب یہ وفاق کو سوچنا چاہیے کس طرح عوام کی خدمت کی جاسکتی ہے۔


متعلقہ خبریں