پاک چین تجارت مقامی کرنسی میں کرنے کا فیصلہ

'پاک چین کا تجارت اب مقامی کرنسی میں ہوگی' | urduhumnews.wpengine.com

بیجنگ/اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، دونوں ممالک نے آئندہ باہمی تجارت اپنی اپنی کرنسی میں کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وزیراعظم کے دورہ چین کے تیسرے دن مشترکہ اعلامیے کے بعد ذرائع یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان مقامی کرنسی میں تجارت کےمعاہدے پر فوری عمل درآمد کا فیصلہ ہوا ہے۔

مقامی کرنسی میں باہمی تجارت کی خبر پہلی بار رواں سال کے آغاز میں سامنے آئی تھی اور اس حوالے سے معاہدے پر دستخط بھی ہو گئے تھے تاہم حالیہ دورے میں اس پر فوری عمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور چین نے مقامی کرنسی میں باہمی تجارت کا حجم دوگنا کر دیا ہے، پاکستانی کرنسی میں تجارتی حجم 165 ارب روپے سے بڑھا کر351 ارب روپے جبکہ چینی کرنسی میں تجارتی حجم 10 ارب یوآن سے بڑھا کر 20 ارب یوآن کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان بینکوں اور مالی اداروں میں لین دین کا آسان اور مربوط نظام بنانے اور پاکستان کے صنعتی شعبے کی بحالی کے لیے چینی مہارت سے مدد لینے کا بھی فیصلہ ہوا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم کے دورہ چین پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں دونوں ملکوں کے اسٹریٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کومزید مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا۔

دونوں ممالک کے سربراہان نے سی پیک منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اعلامیے میں دونوں ممالک کی کمیونٹیز کو قریب لانے اور سی پیک کی مستقبل کی سمت کا اعادہ کرنے پر مکمل اتفاق ہوا۔


متعلقہ خبریں