وزارت داخلہ کے واٹس ایپ نمبر پر جوتوں کی سیل

وزارتِ داخلہ کے واٹس ایپ شکایت سیل نمبر پر جوتوں کی سیل|humnews.pk

اسلام آباد: مظاہروں اور توڑ پھوڑ کے حوالے سے وزارت داخلہ کی سنجیدگی عیاں ہوگئی، عوام کو دیے گئے واٹس ایپ شکایت سیل نمبر پر جوتوں کی سیل جاری ہے۔

آسیہ بی بی کیس کے فیصلے کے خلاف احتجاج اور مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ کے حوالے سے وزارت داخلہ نے کچھ دیر قبل ہی شکایت سیل قائم کیا تھا۔

شکایت سیل کے واٹس اپ نمبر پر 2500 روپے والی چپل 2000 میں فروخت کی آفر لگی ہوئی تھی اور اس پر نمبر بھی درج تھا۔

اب سے کچھ دیر قبل وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ دو روز سے قوم اضطراب میں تھی۔ کچھ لوگوں نے قانون ہاتھ میں لیا تھا، ایسے تمام افراد سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

انہوں نے درج ذیل واٹس ایپ نمبر 03315480011 پر شکایات درج کرانے اور فوٹیج بھیجنے کا کہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نادرا، ایف آئی اے اور دیگر اداروں سے بھی اس سلسلے میں رابطے میں ہیں۔ شہریار آفریدی کے مطابق وزارت مواصلات نے توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کی فوٹیج متعلقہ اداروں کو بھیج دی ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے فرض سے آگاہ ہے، قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کارروائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو ناامید نہیں کریں گے، عوام کے سامنے جلد حقائق رکھے جائیں گے۔

وزیر داخلہ کے ہمراہ وزیر مواصلات مراد سعید اور وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی بھی موجود تھے۔


متعلقہ خبریں