چھ لوگ اس حکومت کے دشمن ہیں، مولا بخش چانڈیو


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کی تو خواہش ہے کہ پاکستان میں عوام کے زندگی آسان ہو۔

انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراطلاعات سمیت کچھ لوگ اس حکومت کے دشمن ہیں اور نہیں چاہتے کہ یہ حکومت قائم رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمراں جماعت سندھ حکومت کو دھمکیاں دینے کے بجائے اپنی خیر منائے اورعوام سے کیے ہوئے وعدے پورے کرے انہوں نے کہا کہ اگر حکومتی وزرا کی جانب سے اس طرح کے بیانات بند نہیں ہوئے تو پھر ہماری جماعت بھی جواب دے گی۔

پروگرام میں موجود سینئر صحافی انصار عباسی نے کہا کہ اس حکومت کی سب سے بڑی غلطی یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ابھی تک اپوزیشن کی طرح کام کررہی ہے جبکہ انہیں یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ اب حکومت میں آچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اپنا انداز نہیں بدلے گی تو نا صرف ملک کو نقصان ہوگا بلکہ حکومت کا چلنا بھی مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسیہ بی بی کیس پر اپوزیشن کا رویہ بہت مثبت رہا۔

پروگرام کے ایک اور مہمان تجزیہ نگار اویس توحید نے کہا کہ احتجاج کے باعث ملک کو اربوں کا نقصان ہوا تو ایسے حالات میں سرمایہ کار کیوں آپ کے ملک میں آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے مظاہرین کے ساتھ معاہدہ کرنا جنھوں نے قومی اداروں اور ان کے سربراہوں کو تنقید کا نشانہ بنایا آگے چل کر حکومت کے لیے رکاوٹ کا باعث بنے گا۔

تجزیہ کار مبشر زیدی نے کہا کہ اس وقت حکومت حد سے زیادہ پر اعتماد نظر آرہی ہے کیونکہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ اس وقت پاکستان پیپلز پارٹی مقدمات اور دیگر معاملات میں الجھی ہوئی ہے اسی لیے وہ حکومت کے خلاف کوئی بڑا قدم نہیں اٹھا سکے گی اور یہی وجہ ہے کہ فواد چوہدری ایسے بیانات دے دیتے ہیں۔


متعلقہ خبریں