ایران پر امریکی پابندیوں کا اطلاق آج سے ہو رہا ہے



نیویارک: ایران پر دوسرے مرحلے میں امریکی اقتصادی پابندیوں کا اطلاق آج سے ہو رہا ہے۔ پابندیوں کے نتیجے میں ایران بین الاقوامی فنانس سسٹم سے مکمل طور پر کٹ جائے گا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکا نے ایران پر تاریخ کی سخت ترین پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے جس پر اطلاق آج سے ہو رہا ہے۔ ایران کے تیل، شپنگ، شپ بلڈنگ اور مالیاتی شعبے پر پابندیاں آج سے نافذ العمل ہو رہی ہیں جب کہ اس سے پہلے ایران کی امریکی ڈالر تک رسائی محدود کر دی گئی تھی اور ایرانی سونے، قیمتی دھات، خوردنی اشیا کی برآمد، کارپٹ اور آٹو سیکٹر پر پابندیاں عائد تھیں۔

پابندیوں کے بعد اب اایران کا بین الاقوامی ادائیگیوں کا نیٹ ورک ’’سوفٹ‘‘ بھی ایران سے تعلق ختم کر دے گا جس سے ایرانی کمپنیاں عالمی مالیاتی نظام سے مکمل طور پر کٹ جائیں گی۔ اس سے قبل ایران پر پہلے مرحلے میں سات اگست کو پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

امریکہ نے عارضی طور پر آٹھ ممالک کو ایران سے تیل خریدنے کی اجازت دی ہے جس میں جاپان، جنوبی کوریا، بھارت، ترکی اور اٹلی شامل ہیں جب کہ امریکہ نے ایرانی تیل کی کمی پوری کرنے کے لیے تیل کی اپنی پیداوار بڑھا دی ہے۔

امریکہ نے ایران پر پابندیاں ختم کرنے کے لیے سات شرائط رکھی ہوئی ہیں جن میں عسکریت پسندوں کی حمایت اور بیلسٹک میزائل کی تیاری مکمل طور پر بند کرنا شامل ہے۔


متعلقہ خبریں