شہباز شریف مکمل صحت مند ہیں، میڈیکل بورڈ


اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو ڈاکٹرز نے مکمل طور پر صحت مند قرار دے دیا ہے۔

عدالتی احکامات کی روشنی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا صبح سات بجے طبی معائنہ کیا گیا جس میں ڈاکٹرز نے شہباز شریف کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا۔

پولی کلینک کے ڈاکٹرز کے تین رکنی میڈیکل بورڈ نے منسٹر انکلیو میں شہباز شریف کا ای سی جی، بلڈ پریشر اور الٹرا ساؤنڈ کیا جب کہ میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کے خالی معدے کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ بھی کیے۔

اپوزیشن لیڈر کا گزشتہ روز بھی تین رکنی میڈیکل بورڈ نے طبی مائنہ کیا اور اُن کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا تھا گزشتہ روز بھی ڈاکٹرز کی جانب سے شہباز شریف کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

پولی کلینک کا تین رکنی میڈیکل بورڈ قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر تشکیل دیا گیا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں دس روزہ ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں جب کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے منسٹر انکلیو اسلام آباد میں موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں