سی پیک دیگر ممالک کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ثابت ہو گا، عمران خان



شنگھائی: وزیر اعظم عمران خان نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو خطے کی معاشی ترقی کا ضامن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ثابت ہو گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے شنگھائی میں بین الاقوامی درآمدی نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک مختلف ممالک کے مابین رابطے بڑھانے کا باعث بنے گا جب کہ ہماری حکومت کا اہم مقصد ہی ملک میں شفافیت اور احتساب کو نظام رائج کرنا ہے۔ ہماری حکومت نے ملک میں تبدیلی کے لیے کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں احتساب اور شفافیت کا نظام لانا چاہتے ہیں جب کہ پاکستان طبی سامان، ٹیکسٹائل اور کھیلوں کا سامان برآمد کرنے والا اہم ملک ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نمائش میں شرکت میرے لیے اعزاز کی بات ہے، چینی حکومت کی مہمان نوازی کے شکر گزار ہیں۔

چینی صدر شی جن پنگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین 15 سال میں 40 ٹریلین ڈالر کی اشیا اور خدمات درآمد کرے گا۔ چین دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی فرق ختم کرنا چاہتا ہے۔ دنیا بھر کے ممالک کو مشترکہ چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے جب کہ ہم تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔

چینی صدر نے تجارت کے حوالے سے مزید کہا کہ تمام ممالک کے لیے چین کے دروازے مزید وسیع کیے جائیں گے اور ہم درآمدات بڑھا کر عالمی برادری سے تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

شی جن پنگ نے کہا کہ اس گلوبلائزیشن نے دنیا سے جنگل کے قانون کا خاتمہ کر دیا ہے جب کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت نے دنیا میں انقلاب برپا کر رکھا ہے۔

شنگھائی ایکسپو کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے پاکستانی پویلین کا دورہ کیا جب کہ دوسی وزیر اعظم دمتری اور کینیا کے صدر کینیاٹا نے بھی پاکستانی پویلین کا دورہ کیا۔ جہاں پر عمران خان نے دورہ کرنے والوں کو خوش آمدید کہا۔


متعلقہ خبریں