پانچ شہروں میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب کے پانچ شہروں میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت فیصل آباد اور سیالکوٹ میں دسمبر میں منصوبے کا افتتاح کیا جائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان فیصل آباد اور سیالکوٹ میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، لودھراں، چشتیاں اور چنیوٹ میں منصوبے کا سنگ بنیاد جنوری میں رکھاجائے گا۔

وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ منصوبے کے سنگ بنیاد کے لیے محکموں میں تیزی سے کام جاری ہے، منصوبے کے تحت 50 فیصد جگہ پر تین مرلہ گھر بنائے جائیں گے، 25 فیصد پر پانچ مرلہ گھر اور 25 فیصد جگہ پر فلیٹ بنیں گے۔

میاں محمود الرشید کے مطابق منصوبے کے تحت ان پانچوں اضلاع میں دس ہزار کے قریب گھر تعمیر ہوں گے، کنٹریکٹرمنصوبے کے مقامات پر اسکول، ڈسپنسری اور مسجد تعمیر کرنے کا پابند ہوگا۔

 نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ

وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ مکانوں کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت پانچ برسوں میں 50 لاکھ گھر بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

منصوبہ کے بارے میں بتاتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اس کے تحت ملک کے ان لوگوں کو سہولت دی جائے گی جو مڈل کلاس طبقے سے تعلق رکھتے اور اپنا گھر بنانے کے اہلیت نہیں رکھتے۔


متعلقہ خبریں