سابق وزیر اعظم کی قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملاقات

شہباز شریف کو وطن روانگی کے لیے ڈاکٹروں کی اجازت درکار

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے نیب سب جیل میں ملاقات کی۔

نواز شریف کی شہباز شریف سے ملاقات منسٹر انکلیو میں ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی موجودہ ملکی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے شہباز شریف سے ملاقات میں اُن کی خیریت بھی دریافت کی اور اہلخانہ کی خیریت کے بارے میں آگاہ کیا جب کہ مشکل صورتحال میں ثابت قدم رہنے پر حوصلہ افزائی بھی کی۔

شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد سے نواز شریف کی اُن سے یہ دوسری ملاقات ہے اس سے قبل بھی نواز شریف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔

اس سے قبل نواز شریف نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو جب شہباز شریف سے ملاقات کی درخواست دی تھی تو اسے مسترد کر دیا گیا تھا۔

شہباز شریف اس وقت نیب کی حراست میں ہیں جب کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے وہ اسلام آباد میں موجود ہیں اور منسٹر انکلیو کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔

شہباز شریف کو نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم، صاف پانی کیس اور آمدن سے زائد اثاثوں کے مقدمات میں حراست میں لیا ہوا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈی جی فواد حسن فواد کے بیان کے بعد گرفتار کیا گیا۔


متعلقہ خبریں