افغان صوبے غزنی میں طالبان کا حملہ، 13 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق


کابل: افغانستان کے صوبے غزنی میں طالبان حملے میں 13 افغان فوجی اور پولیس اہلکار جاں بحق جب کہ چار فوجی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزنی میں طالبان نے افغان فوج اور پولیس کی مشترکہ چیک پوائنٹ پر حملہ کر دیا۔ طالبان نے چیک پوائنٹ پر ڈیوٹی سر انجام دینے والے اہلکاروں کو نشانہ بنایا ہے۔

طالبان حملے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے جب کہ حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

گورنر غزنی کے ترجمان عارف نوری کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سات فوجی اور چھ پولیس اہلکارشامل ہیں جب کہ چار فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں گزشتہ تین گھنٹے کے دوران افغان فورسز کی کارروائیوں میں چھ باغی ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

فوری طور پر حملے کی نوعیت معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم افغان حکومت نے حملے کی تصدیق کی ہے۔ اس وقت افغانستان کی پولیس اور فوج طالبان کے نشانے پر ہے اور طالبان کی جانب سے وقفے وقفے سے سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغان سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔


متعلقہ خبریں