عمران خان کی شنگھائی میں روسی وزیراعظم سے ملاقات

فوٹو: ریڈیو پاکستان


شنگھائی: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے شنگھائی میں روسی وزیراعظم سے ملاقات کی۔

ملاقات شنگھائی میں ہونے والے بین لاقوامی درآمدی نمائش کی سائیڈ لائن پر ہوئی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری، دو طرفہ تجارت اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔

ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ اسد عمر اور مشیر تجارت عبدالرزاق دائود بھی موجود تھے۔

اس سے پہلے بین الاقوامی درآمدی نمائش سے اپنے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) خطے کی معاشی ترقی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ  سی پیک مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ثابت ہو گا۔

وزیر اعظم عمران خان نےکہا کہ سی پیک مختلف ممالک کے مابین رابطے بڑھانے کا باعث بنے گا جب کہ ہماری حکومت کا اہم مقصد ہی ملک میں شفافیت اور احتساب کو نظام رائج کرنا ہے۔ ہماری حکومت نے ملک میں تبدیلی کے لیے کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں احتساب اور شفافیت کا نظام لانا چاہتے ہیں جب کہ پاکستان طبی سامان، ٹیکسٹائل اور کھیلوں کا سامان برآمد کرنے والا اہم ملک ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نمائش میں شرکت میرے لیے اعزاز کی بات ہے، چینی حکومت کی مہمان نوازی کے شکر گزار ہیں۔


متعلقہ خبریں