آسیہ بی بی کے وکیل نیدرلینڈ پہنچ گئے

آسیہ بی بی کے وکیل نیدرلینڈ پہنچ گئے|humnews.pk

ایمسٹرڈیم: ڈچ کرسچن رائیٹس گروپ کا کہنا ہے کہ آسیہ بی بی کے وکیل نیدرلینڈ پہنچ گئے ہیں۔

بین الاقوامی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک نے ہفتے کے روز سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اپنی جان کو لاحق خطرات کے باعث ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔

آسیہ بی بی کو 2010 میں توہین رسالت کیس میں سزائے موت دی گئی تھی۔ سیف الملوک نے اس سلسلے میں آسیہ بی بی کی عدالت میں وکالت کی تھی۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ ہفتے کیس کا فیصلہ آنے کے بعد مشتعل مظاہرین کی جانب سے سیف الملوک کو قتل کی دھمکیاں دی جارہی تھیں۔

رائٹرز کے مطابق ڈچ پارلیمان میں موجود سیاسی جماعتوں نے آسیہ بی بی کو عارضی طور پرمدد کی پیش کش بھی کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر آسیہ بی بی  نیدرلینڈ آتی ہیں تو ان کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔

https://urduhumnews.wpengine.com/latest/101484/

خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستانی حکومت یہ تاثر دے رہی ہے کہ اگر آسیہ بی بی ملک چھوڑنے کی کوشش کرتی ہیں تو انہیں روک لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آسیہ بی بی کے خاندان نے فرانس اور اسپین سے پہلے ہی پناہ کی درخواست دے رکھی ہے۔

اس سے قبل امریکی نشریاتی ادارے نے بعض اطلاعات کے حوالے سے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ ایک مغربی ملک نے آسیہ بی بی کے خاندان کو پناہ دینے کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے لیکن سیکیورٹی وجوہ کی بنا پراُس ملک کا نام ظاہر نہیں کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں