وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروٹوکول کی گاڑی سے بچہ زخمی

وزیر اعلیٰ بزدار  نے پروٹوکول کی گاڑی سے بچہ زخمی ہونے کا نوٹس لے لیا

  • بچے کے دادا نے رضاکارانہ طور پر ڈرائیور کو معاف کر دیا ہے

سیالکوٹ: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ان کے پروٹوکول کی گاڑی کی ٹکر سے بچے کے زخمی ہونے کا نوٹس لے لیا ہے۔

ہم نیوز کی اطلاعات کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر سرکاری گاڑی سے زخمی ہونے والے بچے وصی اللہ کی عیادت کے لیے ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو اور ڈی پی او عبدالغفار قیصرانی اس کے گھر تشریف لے گئے۔

ڈی سی او سیالکوٹ کا کہنا تھا کہ وصی اللہ بالکل ٹھیک اور خیریت سے ہے جبکہ وصی اللہ کے دادا نے رضاکارانہ طور پر ڈرائیور کو معاف کر دیا ہے۔

محمد طاہر وٹو اور عبدالغفار قیصرانی نے بچے کی خیریت دریافت کی اور حادثے میں محفوظ رہنے پر مسرت کا اظہار بھی کیا۔

ہم نیوز کے مطابق یہ واقعہ سیالکوٹ میں پیش آیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروٹوکول کی گاڑی کی زد میں آ کر بچہ زخمی ہو گیا تھا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

بچے کی شناخت وصی اللہ کے نام سے ہوئی تھی جس کی عمر تو نہیں بتائی گئی پر وہ کے جی کلاس کا طالب علم ہے۔ حادثے کے باعث بچہ بہت خوفزدہ ہو گیا تھا اور کافی دیر بے ہوش بھی رہا، ڈاکٹرز نے کچھ دیر بعد بتایا کہ بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

حادثے کے باوجود پروٹوکول کا سلسلہ رک نہ سکا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اب تک بچے کی خیریت تک دریافت نہیں کی پر پروٹوکول میں شامل کچھ افراد بچے کو اسپتال لے کر گئے۔

بچے کے والدین نے حادثے کے باوجود پروٹوکول نہ رکنے کو افسوسناک قرار دیا۔ حکومت کی جانب سے بچے کی داد رسی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب ہیڈ مرالہ پاور پراجیکٹ کا افتتاخ کرنے سیالکوٹ آئے تھے۔ ان کی آمد کے بعد ان کی ہاؤس پروٹوکول گاڑی واپس لاہور جارہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔

پروٹوکول گاڑی کے ڈرائیور کی شناخت رؤف سبحانی کے نام سے کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پرٹوکول گاڑی نے تیز رفتار کے باعث بچے کو سامنے سے ٹکر ماری ہے۔


متعلقہ خبریں