آسیہ بی بی والے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کیا گیا، صداقت علی عباسی


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا افضل خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنی بدتمیزی کا رخ اب پیپلز پارٹی کی طرف کر دیا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوزلائن” میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اطلاعات ہی اپنی پارٹی کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا رہے ہیں، جب حکومت سے باتیں سننے کو ملیں گی تو (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی بھی جواب دیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو آسیہ بی بی کیس کے فیصلے کے بارے میں پہلے سے آگاہی تھی لیکن حکومت نے کوئی تیاری نہیں کی، فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ” آپ کو پتا نہیں چلے گا کہ آپ کے ساتھ کیا ہو” اور یہ بات مولانا سمیع الحق کے معاملے میں پیغام ثابت ہو گئی۔

رہنما (ن) لیگ نے بتایا کہ حکومت نے مظاہرین سے معاہدہ بہت جلدی میں کیا، ہمیں نئے پاکستان سے یہ امیدیں نہیں تھیں، یہ کون سا نیا پاکستان ہے؟

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما عاجز دھامرا نے کہا کہ اپوزیشن کی تنقید اپنی جگہ لیکن اب تو تجزیہ کار بھی کہہ رہے ہیں کہ حکومت نے آسیہ بی بی والے معاملے پر مظاہرین سے جو معاہدہ کیا وہ ٹھیک نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو معاہدہے میں عوام کو ہونے والے نقصنات کے حوالے سے کچھ نہ کچھ کرنا چاہیئے تھا۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے خود کہا کہ “قدم بڑھائیں عمران خان، ہم تمہارے ساتھ ہیں” اس سے زیادہ ان کو اور کیا چاہیئے؟

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پاکستان کے فائدے میں ہونے والے ہر فیصلے کو قبول کرے گی۔

پی ٹی آئی کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا کہ آسیہ بی بی والا معاملہ بہت زیادہ حساس تھا لیکن حکومت نے اسے بہت اچھے طریقے سے حل کیا اور ملک کو اس مسئلے سے باہر نکالا۔

ان کا کہنا تھا کہ حادثات میں قوموں کے نقصانات ہوتے رہتے ہیں، عوام کا جو نقصان ہوا اس کی بھرپائی ضرور ہونی چاہیئے۔

رہنما تحریک انصاف نے بتایا کہ اس وقت پاکستان کی معیشت کا بہر برا حال ہے، ہم کچھ لوگوں کے اطمینان کے لیے ملکی معیشت ہر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آسیہ بی بی والے معاملے کو غیر سیاسی طریقے سے حل کرنے کی ضرورت ہے، حکومت کو بھی ایسا ہی کرنا چاہئے اور ایسا  ہی کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں