متحدہ اپوزیشن کا سینیٹ میں پارلیمانی اجلاس طلب


اسلام آباد: سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں کا اجلاس کل بروز منگل دوپہر دو بجے طلب کرلیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق متحدہ اپوزیشن کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کی صدارت سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ ظفرالحق کریں گے۔ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر چار میں منعقد ہوگا۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں سینیٹ اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

ذمہ دار ذرائع نے اس ضمن میں ہم نیوز کو بتایا کہ غالب امکان ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سینیٹ اجلاس میں حکومت کو ٹف ٹائم دے گی۔

پی ایم ایل (ن) کے ذرائع کے مطابق سابق حکمران جماعت کے سینیٹرز احتجاجی مظاہرین کے ساتھ حکومتی معاہدے، مولانا سمیع الحق کے بہیمانہ قتل اور وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین پر گفتگو کریں گے جس میں حکومتی اقدامات کی گرفت کی جائے گی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن کے سینیٹرز وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے حالیہ بیانات پر بھی سخت لب و لہجہ اپنائیں گے۔

ذرائع کے مطابق بزرگ سیاستدان سینیٹر راجہ ظفرالحق اظہار خیال کرتے ہوئے ان حکومتی اقدامات پر عدم اطمینان کا بھی اظہار کریں گے جو گزشتہ دو دن کے دوران کیے گئے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں