کراچی: کلفٹن میں ملازم کی خودکشی قتل کی واردات نکلی


کراچی: کراچی کے علاقے کلفٹن کے ایک بنگلے میں 15 سالہ گھریلو ملازم کی خودکشی تفتیش کے بعد قتل کی واردات نکلی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 31 اکتوبر کو ملازم لڑکے کی لاش ملی تھی، پولیس نے قتل کی دفعہ کے تحت واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ مقتول عمران کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں بنگلے کے مالک اور اس کے ڈرائیور کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق متوفی عمران کی لاش دیوار پر پھندے کے ذریعے لٹکی ہوئی ملی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی تھی تاہم پوسٹ مارٹم میں عمران پر پر تشدد ثابت ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 15 سالہ عمران کی موت گلا گھٹنے سے واقع ہوئی تھی، پولیس نے بنگلے سے دو ساتھی ملازمین کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے تاہم اس سلسلے میں کارروائی جاری ہے۔


متعلقہ خبریں