ملک بھر میں کہیں بھی بارش کا امکان نہیں

کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں موسم خشک رہے گا اور بالائی علاقوں میں سخت سردی پڑنے کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منگل کی صبح درجہ حرارت13 ڈگری سنیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ہوا میں نمی کا تناسب بھی معمول کے مطابق رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 24 اور کم سے کم 07 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز پنجاب کے تمام اضلاع میں مطلع صاف رہے گا اور آئندہ دو روز کہیں بھی بارش کا امکان نہیں۔
راولپنڈی میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 25 اور کم سے کم 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ ملتان 13 اور ڈی جی خان میں زیادہ سے زیادہ سے درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا اندیشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز بلوچستان میں بھی سخت دھوپ رہے گی۔ سبی، تربت اور لسبیلہ کا درجہ حرارت بالترتیب 35، 38 اور 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔


سندھ کے تمام اضلاع میں آئندہ دو روز تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم منگل کے روز کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 17 اور زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

خیبر پختونخوا میں خشک سردی پڑنے کا اندیشہ ہے اور تمام اضلاع میں مطلع صاف رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں کا درجہ حرات منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں