تحریک انصاف کو 100 روز تک کی رعایت دی ہوئی ہے، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی ترجمان اور رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام تحریک انصاف کے فسادی سیاست دان کے بیان کے بعد خلا میں جانے کی تیاری کر رہے ہیں، فواد چوہدری اس طرح کے بیانات دے کر راہ فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے فسادی سیاستدانوں کو خلا میں بھیجنے سے متعلق بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ  فواد چوہدری چاہے خلا میں جائیں چاہے ملک سے بھاگیں، انہیں جواب دینا ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ 100 روز تک مہنگائی کا بم عوام پر گرایا جا رہا ہے۔ موجودہ حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کا انہیں جواب دینا پڑے گا۔

مریم اورنگزیب نے حکومت کی کفایت شعاری مہم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھینسوں کے فروخت سے کتنے ارب  روپے قومی خزانے میں اکٹھے ہوئے؟

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے تحریک انصاف کو سو روز تک کی رعایت دی ہوئی ہے ورنہ ن لیگ ہر روز ان کا احتساب کرتی۔ تحریک انصاف جتنا عرصہ بھی حکومت میں ہے ن لیگ کی کارکردگی پر بھیک مانگے گی۔

وزیر اعظم کے دورہ چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان چین میں کسی قسم کی اسٹرٹیجی لے کر نہیں گئے۔


متعلقہ خبریں