آئی ایم ایف کا وفد بدھ کو پاکستان کے جائزہ اجلاس میں شرکت کرے گا


اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا وفد کل پاکستان پہنچے گا اور وزارت خزانہ کے جائزہ اجلاس میں شرکت کرے گا۔

ہم نیوز کے مطابق جائزہ اجلاس میں آئی ایم ایف کی جانب سے دیے گئے اہداف پر پاکستانی حکام بریفنگ دیں گے۔

بریفنگ وزیر خزانہ اسد عمر کی سربراہی میں وزارت خزانہ کے سینئر حکام دیں گے۔

ہم نیوز کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خصوصی طور پر ٹیکس نیٹ میں اضافے، اداروں میں اصلاحات اور نجکاری پر بریفنگ دی جائے گی۔

اجلاس کے بعد آئی ایم ایف وفد پاکستان کو تین سال کی مدت کے لیے قرض کی منظوری دے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کو فوری طور پر مالی خسارہ دور کرنے کے لیے 12 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔

تاہم اس سلسلے میں سعودی عرب پاکستان کو تین ارب ڈالر دینے کے لیے راضی ہوگیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان کی موجودہ شرح سود 8.5 فیصد کو نا کافی قرار دیتے ہوئے اسے گیارہ فیصد تک لے جانے کی سفارش کی تھی اور دونوں فریقوں کے مابین یہی نقطہ اختلاف کا باعث ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق اگر شرح سود کو بڑھایا جاتا ہے تو معیشت پر بالعموم اور معاشی ترقی پر بالخصوص منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے یہ تجویز درحقیقت افراط زر میں اضافے کے پیش نظررکھی گئی ہے جو روپے کی قدر گرنے اور تیل کی قیمتیں بڑھنے کے باعث  ہو گا۔


متعلقہ خبریں