متعدد بینکوں نے ڈیٹا لیک ہونے کی شکایت کی، محمد شعیب


اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم کے ڈائریکٹر کیپٹن محمد شعیب نے کہا ہے کہ بینکوں سے ڈیٹا چوری ہونے کے حوالے سے مختلف  شکایات سامنے آئی ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ میں میزبان ندیم ملک سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر کیس مختلف ہوتا ہے لیکن بہت سے بینکوں نے اپنا ڈیٹا لیک ہونے کی شکایت کی ہے، حالیہ ہیکنگ کے واقعات ایک دوسرے سے مختلف ہیں جس پر تحقیقات کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہیکنگ بے شمار طریقوں سے کی جا سکتی ہے، رپورٹس کے مطابق ہزاروں بینکوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے مسائل سامنے آئے ہیں۔

صارفین کو ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی فون کال کے ذریعے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگی جائیں تو بالکل فراہم نہ کریں۔

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ملیکا بخاری نے کہا کہ بینک سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی پالیسی بنانے کی اشد ضرورت ہے، لوگ بہت پریشان ہیں، ان کے پیسے لوٹے جا رہے ہیں، ان معاملات کو روکنا بہت زیادہ ضروری ہے۔

احتساب کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں احتساب ضرور ہو گا لیکن سیساتدانوں کو چاہیئے کہ الزام کی سیاست سے نکل کر ملک کے مفاد کے لیے مل کر کام کریں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اویس لغاری نے کہا کہ ایف آئے اے اس وقت بینکوں کی سیکیورٹی کے معاملات کی تحقیقات کر رہا ہے، ان تمام معاملات کی ذمہ داری دراصل اسٹیٹ بینک پر آتی ہے۔

احتساب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم ابھی تک انتظار کر رہے ہیں کہ اصلی احتساب آخر کب ہو گا، وزیر اعظم عمران خان اور حکومت یہ بھی خود مانتی ہے کہ وائٹ کالر کرائم کو ڈیل کرنے کے لیے ابھی ہم کمزور ہیں۔

رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ حکومت کا رویہ نہایت غیر سنجیدہ ہے، ملک میں ہونے والی چند اہم گرفتاریوں کے حوالے سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریمانڈ کو ہتحیار کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیئے،

پاکستان پیپلز ہارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو عوام کے پیسے کے تحفظ کے لیے پالیسی بنانے کی اشد ضرورت ہے، ان کو تمام بینکوں کو ساتھ بیٹھ کر اس معاملے کے حوالے سے اقدامات لینے ہوں گے۔

احتساب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمیں احتساب سے مسئلہ نہیں ہے لیکن احتساب سب کا ہونا چاہیئے، جس طرح ملک کے دیگر سیاسی جماعتوں کے لیڈرز پر مقدمات ہیں بالکل اسی طرح تحریک انصاف کے اپنے لوگوں پر بھی ہیں، ان کا احتساب کیوں نہیں ہو رہا؟


متعلقہ خبریں