بولٹ کی ہیٹ ٹرک، پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 47 رنز سے شکست


ابو ظہبی: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تین ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں 47 رنز سے شکست دے کر 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

ابو ظہبی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلی جانے والی تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ پر نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔

نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور 13 رنز پر اس کی پہلی وکٹ جارج ورکر کی صورت میں گرگئی۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز کولن منرو تھے جو 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

78 کے مجموعی اسکور پر کین ولیمسن بھی پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر راس ٹیلر اور ٹام لیتھم نے اننگز کو سہارا دیتے ہوئے 130 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور نیوزی لینڈ کی پوزیشن مضبوط کردی۔ ایک موقع پر نیوزی لینڈ نے 208 رنز بنالیے تھے اور اس کے صرف تین ہی کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

اس موقع پر پاکستان نے شاداب خان کی بدولت میچ میں شاندار کم بیک کیا۔ نوجوان لیگ اسپنر نے ایک ہی اوور میں 3 وکٹیں حاصل کرکے نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر کی کمر توڑ دی۔ کیویز نے دو اوورز کے درمیان صرف دو رنز اسکور کیے اور چار وکٹیں گنوادیں۔

ٹم ساؤتھی اور اش سوڈھی کے درمیان شراکت نے نیوزی لینڈ کو بمشکل 250 کے اسکور تک پہنچایا۔ کیوی ٹیم اپنے مقررہ اوورز میں 266 رنز بنا پائی۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی نے چار، چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز انتہائی خراب تھا۔ ٹرینٹ بولٹ نے اپنے دوسرے ہی اوور میں ہیٹ ٹرک لیکر پاکستانی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔ ف

خر زمان، بابر اعظم اور محمد حفیظ بولٹ کا شکار بنے۔ ایک روزہ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے ہیٹ ٹرک کرنے والے صرف تیسرے بولر تھے۔

اس کے بعد شعیب ملک اور امام الحق کے درمیان قائم ہوئی تاہم دونوں دو رنز کے فرق سے پویلین لوٹ گئے۔

کپتان سرفراز احمد اور عماد وسیم کے درمیان 100 رنز سے زائد کی شراکت نے قومی ٹیم کی جیت کی امیدوں کو ایک مرتبہ پھر روشن کیا تاہم سرفراز کے 64 رنز پر آؤٹ ہونے کے ساتھ جیت کے تمام امکانات ان کے ساتھ پویلین لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ نے اور لوکی فرگیوسن نے تین، تین جبکہ کولم گرانڈ  ہوم نے دو پاکستانی بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔


متعلقہ خبریں