وزیر اعظم کی مظاہروں کے دوران نقصانات کے ازالے کی ہدایت

فوٹو: رائٹرز


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں مذہبی جماعتوں کے دھرنوں کے دوران ہونے والی توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو پہنچائے گئے نقصان کے ازالے کی ہدایات کر دی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو متاثرین کے نقصان کے ازالے کے لیے پیکج تیار کرنے کی ہدایات کی ہیں۔

واضح رہے چند روز قبل سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے بعد شروع کیے گئے احتجاج کے دوران مظاہرین نے شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچایا تھا، اس ضمن میں وفاقی حکومت صوبوں سے نقصان کی تفصیلات پہلے ہی طلب کرچکی ہے۔

دوسری جانب دھرنے کے دوران جلاو گھیراؤ اور ریاستی املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث کئی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے جاری خصوصی احکامات کے بعد قصور سے 24 ملزم گرفتار کیے گئے۔  ننکانہ صاحب میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے ملزمان کے خلاف 500 سے زائد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

وفاقی پولیس نے حکومت کی جانب سے کریک ڈاؤن کے احکامات جاری ہونےکے بعد مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 200 سے زائد افراد کو گرفتار کیا تھا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بھی سرکاری و غیر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے حکومت سے تین دن میں جواب طلب کیا تھا۔ چیف جسٹس نے واقعے میں ملوث افراد کے بارے میں تحقیقات کا حکم بھی دیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا تھا کہ احتجاج کرنے والوں کے خلاف مزید دو مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جب کہ کل ملزمان کی تعداد  500 ہے جس میں سے 32 کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں