انتخابات شفاف تھے، اپوزیشن کی خواہش پر کمیٹی بنائی، فواد چوہدری


اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن 2018 کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے بعد اپوزیشن کی خواہش پر پارلیمانی کمیٹی بنائی گئی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک کو پارلیمانی کمیٹی کا مشترکہ چیئرمین بنایا گیا۔ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیٹی کے ٹی او آرز بنائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے تحفظات پر کمیٹی بنا دی گئی ہے لیکن سب جانتے ہیں کہ دھاندلی سیاست میں زندہ  رہنے کے لیے ایک بہانہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2013 کے انتخابات میں معاملات سب کے سامنے تھے، ہزار ہا پولنگ اسٹیشنز پر فارم 16 دستیاب نہیں تھے جب کہ 2018 کے انتخابات میں فارم 45 انٹرنیٹ پر بھی دستیاب ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ الیکشن کی شفافیت پر نظر رکھنے والے ادارے فیفن اور یورپی یونین کے مبصرین نے حالیہ انتخابات کو شفاف ترین انتخابات قرار دیا اس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکا۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ اپوزیشن کو شوق ہے اسی لیے ہم نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، اب یہ اپوزیشن کا کام ہے کہ وہ دھاندلی کے ثبوت فراہم کرے۔

 


متعلقہ خبریں