ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا جارہا،عالیہ حمزہ


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ نے کہا کہ سب کچھ آپ کے سامنے ہے کس طرح ہر کام میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے۔ ہمیں وارثت میں کیا ملا۔ ہماری حکومت نے منی بجٹ پیش کیا لیکن ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا جارہا۔

انہوں نے ہم نیوزکے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی جگہ پربھی سیاسی اسکورنگ نہیں کررہے۔ ہمارے پاس ہر چیز کے حقائق اور اعداد وشمار موجود ہیں۔ پی ٹی وی سمیت کئی اداروں کے خسارے کے حقائق اور اعداد و شمار موجود ہیں اور ہم دیکھا بھی سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ یہ ہے کہ ہم چوروں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں اور یہ ان سے برداشت نہیں ہورہا۔

آئی ایم ایف اور حالیہ معاہدوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالات کے مطابق چل رہے ہیں۔ جیسے حالات ہوں گے ویسے ہی اقدامات کریں گے۔ پاکستان کی کوشش ہے کہ ثالث کا کردارادا کرے۔

پروگرام میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ابھی تک کسی معاہدے یا  دورے کے بارے میں باقاعدہ نہیں بتایا گیا کیبنٹ کے ساتھ کچھ شئیر نہیں کیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ عوام کو نوکری دیں ہم حکومت کے ساتھ ہیں لیکن یہاں ایسا نہیں ہورہا۔ تحریک انصاف اپنے کیے ہوئے وعدے پورے نہیں کررہی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمراں جماعت نے صرف دعویٰ کیے ہیں۔ انہوں نے تو نیا پاکستان بنانا تھا تو کیا ایسا ہوگا نیا پاکستان۔ انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری تو ہر بات کا جواب دینے کے بجائے بول دیتے ہیں کے گوگل کرلیں۔ اب کیا ہر چیز گوگل پر ملے گی۔

پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مائزہ حمید نے کہا کہ عوام کی نئے پاکستان سے بہت امیدیں وابستہ تھیں لیکن  کوئی بھی پوری نہیں ہوئی۔  ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں رہتا تو یہ کرپشن پر آجاتے ہیں۔

انہوں نے وزرا کے روئیے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب وزرا کے پاس جواب نہیں ہوتے تو وہ لڑنے لگتے ہیں اور یہ بھول جاتے ہیں کے پارلیمنٹ مسائل کے حل پر گفتگو اور بحث کرنے کا ایک ادارہ  ہے جس کا ایک تقدس ہے۔


متعلقہ خبریں