ایمپریس مارکیٹ سے ملحقہ دکانیں کل گرائی جائینگی، کے ایم سی

تجاوزات کے خلاف آپریشن، مظاہرین کا انوکھا احتجاج

  • احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم، گاڑیاں کی لمبی قطاریں لگ گئیں

کراچی: شہر قائد میں تجاوزات کے خلاف جاری تیسرے دن کا آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے تاہم ایمپریس مارکیٹ اولڈ بلڈنگ سے ملحقہ دکانیں کل گرائی جائیں گی۔

سینئیر ڈائریکٹر کے ایم سی بشیر صدیقی نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایمپریس مارکیٹ کے اطراف قائم ایک ہزار سے زائد غیرقانونی دکانیں گرانے کا کام کل تک موخر کردیا گیا ہے اور تمام ٹیموں کو واپسی کا حکم دے دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تین روزہ آپریشن میں اب 80 فیصد اہداف حاصل کیے جاچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تین روز کے دوران ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کی سڑکوں کی فٹ پاتھوں کو صاف کیا  گیا اورایک ہزار سے زائد سن شیڈز اور سائن بورڈز ہٹائے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ 180 غیر قانونی دکانوں کو بھی توڑا جا چکا ہے تاہم اب امن وامان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ تھا جس کے پیش نظر آپریشن موخر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کا آغازکیا گیا تھا۔ گزشتہ روز بھی شہر کے کئی علاقوں میں شہری اداروں کی جانب سے کارروائی کی گئی تھی جبکہ آج بھی آپریشن جاری رہا۔

کراچی: تجاوزات کے خلاف آپریشن، مظاہرین کا انوکھا احتجاج

دوسری جانب شہر قائد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے تیسرے روز ایمپریس مارکیٹ کے سامنے مظاہرین نے احتجاج ریکارڈ کرانے کا انوکھا انداز اپنایا۔ جس کے باعث  مختلف شاہراہوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں جن سے شہریوں کو نقل و حرکت میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

ہم نیوز کے مطابق  مظاہرین نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے روٹیاں ہاتھوں میں اٹھا لیں  اور دکانیں خالی کرنے سے انکار کردیا۔

تجاوزات کے خلاف ہونے والی کارروائی کے نتیجے میں کل بھی مظاہرین نے احتجاج کیا تھا جس کے بعد میونسپل کمشنرکراچی سیف الرحمن کا کہنا تھا کہ کسی قسم کا احتجاج آپریشن نہیں روک سکتا، شہر بھر میں بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تجازوات کے خاتمے سے ہی ہم شہرکا نقشہ بدل سکیں گے۔

ٹریفک جام سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا:

تجاوزات کے خلاف آپریشن کے باعث ایمپریس مارکیٹ، عبد اللہ ہارون روڈ، پریڈی اسٹریٹ اور اطراف میں شدید ٹریفک جام سے شہری پریشانی کا شکار ہیں۔ آپریشن کے آغاز کے ساتھ ہی  شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ بھی زور پکڑ گیا ہے۔ خاص طو رپر دفاتر اور دیگر جگہوں سے گھروں کو واپس لوٹنے والے شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں۔

آج بھی کراچی کی پیشتر سٹرکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہیں اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

شہری متبادل راستے اختیار کریں، ٹریفک پولیس

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ پریشانی سے پچنے کے لیے شہری متبادل راتسے اختیار کریں۔ اس وقت  سنگر چوک کی جانب مال روڈ کے دونوں اطراف ڈی ایم سی کی کھڑی گاڑیوں سے روڈ بند کردیا گیا اسی ٹریفک کو متبادل راستہ فراہم کیا جارہا ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ٹریفک کو سنگر چوک سے ریگل چوک اورپریڈی کی جانب بھیجا جارہا ہے۔


متعلقہ خبریں