عمران خان اسمبلی میں معیشت پر بات کرینگے،علی خان 


اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) علی محمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کل قومی اسمبلی میں معیشت پر بات کریں گے اور ایوان کو تفصیلات سے آگا ہ کریں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام “ندیم ملک” لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیرخزانہ اسد عمر جمعرات کے روز اسمبلی اجلاس میں چین سے کیے گئے پیکج کے بارے میں تفصیلی پالیسی بیان کریں گے۔

احتساب کے عمل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ  احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے لوگ اپنے دل پر ہاتھ رکھ کے بتائیں کہ کیا ان لوگوں نے کرپشن نہیں کی۔

دوسری جانب پروگرام میں موجود مہمان ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ آج پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی کی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات ہوئی ہے۔ قوم کی بیٹی نے پکارا ہے تو وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ تعاون کریں اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو واپس لانے کے لیے بھرپور کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ قانونی طور طریقوں کو اپناتے ہوئے عافیہ کو واپس وطن لانا ممکن ہے اور یہ کوئی بڑی بات نہیں اور نا ہی اس کے لیے کسی معاہدے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر فوزیہ کا کہنا تھا کہ اتنے سال گزر گئے لیکن کوئی حکومت عافییہ کے لیے کچھ نہیں کرسکی لیکن ہمیں موجودہ حکومت سے امید ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی دورہ امریکہ کے لیے گئے لیکن قابل افسوس بات یہ ہے کہ انہوں نے عافیہ صدیقی سے ملاقات نہیں کی۔ اس کے باوجود اب بھی عافیہ کی جانب سے بھیجا جانے والا پیغام ثابت کرتا ہے کہ اب بھی ان کو اس حکومت سے بہتر توقعات ہیں۔

پروگرام میں شریک مہمان رہنما پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) نوید قمر نے عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے کہا کہ اس بات کا امکان موجود ہے کہ جب ہم امریکہ سےعافیہ کی واپسی کا مطالبہ کریں تو واشنگٹن بدلے میں کچھ دو اور لو کا مطالبہ بھی کرے۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات ہر دور میں مضبوط رہے ہیں۔ عمران خان کا وہاں جانا بھی ایک اچھا قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے مفاد کے لیے اس دورے کو اہم ہی کہا جاسکتا ہے۔

نوید قمر نے کہا کہ آج کل پارلیمنٹ میں “مولا جٹ” جیسا ماحول بنا ہوا ہے اور پارلیمنٹ کا تقدس قائم نہیں۔

پروگرام میں موجود رہنما مسلم لیگ ن محمد زبیر نے اسی مناسبت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر پارلیمنٹ میں یہی حال رہا تو پانچ سال حکومت اور اپوزیشن قیادت کسی نتیجے پرنہیں پہنچ پائیں گے اور یوں ہی وقت کا ضیاع ہوتا رہے گا۔

ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے معاملے پر بیان دیتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ قوم کی بیٹی نے ہم سے توقع کرکے ہی ہم سے مدد طلب کی ہے۔ تمام اپوزیشن جماعتوں اور حکومت کو مل کر اس کے لیے بھرپور کوشش کرنا ہو گی۔

محمد زبیر نے حکومتی جماعت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت اس بات سے انکار نہیں کرسکتی کہ یہ سب لوگ کرپشن سے بالکل پاک ہیں۔

 


متعلقہ خبریں