حفیظ کے ایکشن پر راس ٹیلر کے اشارے، سرفراز سیخ پا


ابو ظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ایک روزہ میچ میں کیوی بلے باز راس ٹیلر کی جانب سے پاکستانی گیند باز محمد حفیظ کے ایکشن پر دوران میچ اعتراض اٹھانے پر پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے امپائرز سے احتجاج کیا۔

میچ کے 18ویں اوور میں محمد حفیظ کی ایک گیند پر بعد ٹیلر نے امپائرز کی جانب حفیظ کے ایکشن سے متعلق اشارہ کیا جس کا مقصد امپائرز پر اس بات کا اظہار کرنا تھا کہ آف اسپنر ’چکنگ‘ کررہے ہیں۔

حفیظ ماضی میں اپنے بولنگ ایکشن پر متعدد مرتبہ رپورٹ ہوچکے ہیں۔ گزشتہ سال بھی ان کا ایکشن مشکوک رپورٹ کیا گیا تاہم بعد میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے اسے کلیئر قرار دیا گیا۔

حفیظ کو ایک سال میں دوسری مرتبہ غیر قانونی ایکشن پر جولائی 2015 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک سال کے لئے باؤلنگ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

راس ٹیلر کے اشارے میں پاکستانی کپتان غصے میں نظر آئے اور کیوی بلے باز کی اس حرکت پر امپائرز سے بھرپور احتجاج کیا۔

بعدازاں بھی سرفراز کو کیمرے کی آنکھ نے کئی مرتبہ احتجاجاً سر ہلاتے دیکھا۔ امپائرز نے معاملے کو ٹھنڈا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔

کمنٹری باکس میں موجود سابق پاکستانی کپتان اور ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا کہ ٹیلر کے اشاروں سے حفیظ کے دماغ میں اپنے ایکشن کے حوالے سے شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر راس ٹیلر کے اشاروں کی بھرپور انداز میں مذمت کی گئی۔


متعلقہ خبریں